لاہور ،کراچی ،چکوال(اپنے سٹاف رپورٹر سے ،اپنے رپورٹر سے ،نیوز رپورٹر ،92نیوز رپورٹ،ایجنسیاں ) مختلف علاقوں میں ہونے والی بارش ، سیلاب کی تباہ کاریوں کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا ،چھتیں گرنے ودیگر واقعات میں 10 افراد جاں بحق ، کئی زخمی ہو گئے ۔تفصیلات کے مطابق لاہور میں بعض مقامات پر بارش بھی ہوئی ، کینال روڈ پر مسلم ٹاؤن انڈر پاس کے قریب شگاف پڑ گیا، تقریباً چھ فٹ چوڑا شگاف پڑنے سے ٹریفک کی روانی کا عمل متاثر ہوا ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق راولپنڈی، بہاولنگر ، گوجرانوالہ ، قصور ، مالم جبہ ، استورمیں بارش ہوئی ، آج مشرقی پنجاب ،بالائی خیبر پختونخوا ،گلگت بلتستان ،کشمیر میں بارش کا امکان ہے ، چکوال میں بارش سے مکان کی چھت گرنے سے چار افراد جاں بحق، دو زخمی ہو گئے ، بورے والا میں کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا،رحیم یارخان میں زیر تعمیر مکان کی چھت گرنے سے ناصرہ اور اس کی دو بیٹیاں مناہل اورالیان جاں بحق ہوگئیں ، جھنگ میں خاتون جاں بحق ہوگئی ۔ظفروال، شکرگڑھ، ، حافظ آباد، کامونکی اور سرگودھا سمیت دیگر شہروں میں بھی بارش ہوئی جس سے نشیبی علاقے اور سڑکیں پانی میں ڈوب گئیں ،کئی علاقوں میں بجلی غائب ہو گئی ،شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ، وادی نیلم میں بجلی کی فراہمی سمیت انٹرنیٹ اور موبائل سروسز دوسرے روز بھی معطل رہی ،دریائے گلگت میں بھی پانی کی سطح بلند ہے جب کہ بابوسر ناران سڑک پر سیاحتی اور تجارتی سرگرمیاں معمول پر آگئی ہیں، کراچی کی ملیرندی ایک مرتبہ پھر اوورفلو ہوگئی جس کے باعث کورنگی کازوے ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا ، حب چوکی کے قریب بلوچستان اور سندھ کو ملانے والا پل بارشوں کے باعث انتہائی کمزور ہو گیا ، پل کسی بھی وقت گرنے کا خدشہ ہے ، ۔ ہیڈ پنجند سے گزرنے والا دریائے چناب کا سیلابی ریلا آبادیوں میں داخل ہو گیا جس سے فصلیں تباہ اور گھروں میں پانی داخل ہوگیا ، کراچی اور کوئٹہ سے آنے والی ٹرینیں ایک سے 5 گھنٹے جبکہ لاہور سے کراچی جانے والی ٹرینیں بھی تاخیر کا شکار رہیں جس سے مسافرو ں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ، پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ دریائے سندھ میں بڑا سیلاب آ رہا ہے ، گڈواور سکھر بیراج کے مقاما ت پر پانی کی سطح بلند ہو رہی ہے ۔ این ڈی ایم کے مطابق حالیہ بارشوں،سیلاب سے ملک بھر میں219 افراد جاں بحق 158 زخمی ہوئے ہیں ،سرگودھا سمیت ضلع کے مختلف علاقوں میں بارشوں کے باعث سیم نالوں ندیوں اور نہروں میں طغیانی سے شہری تاحال مشکلات کا شکار ہیں،لوگوں نے انتظامیہ کیخلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے اجنالہ ریلوے سٹیشن ٹریک پر دھرنا دے دیا جس سے ملت ایکسپریس ایک گھنٹہ تاخیر کا شکار ہوگئی ، جوہرآباد میں عمرفاروق سیلابی پانی میں ڈوب کرجاں بحق ہو گیا ،خوشاب میں پہاڑوں سے آنیوالے پانی نے تباہی مچادی،بیسیوں دیہات زیرآب آگئے ،سیلابی پانی جوہرآبادکے قریب پہنچ گیا،پٹڑی متاثرہونے پر ٹرین سروس معطل کردی گئی،پاک فوج اورریسکیوٹیمیوں کے اہلکارکشتیوں کی مددسے لوگوں کومحفوظ مقامات پرمنتقل کررہے ہیں ۔