لاہور،کراچی، راولپنڈی ( اپنے سٹاف رپورٹر سے ، اپنے رپورٹر سے ، سٹاف رپورٹر ز ) لاہور سمیت پنجاب اور ملک بھر میں موسلادھار بارش سے تباہی جاری رہی، مختلف شہروں میں دیوار گرنے اور پانی میں ڈوبنے سے مزید 6 افراد جاں بحق ہوگئے ، لاہور میں کئی علاقوں میں بجلی معطل رہی، کراچی کی عدالتوں کی عمارتوں سے پانی نہیں نکالا جا سکا، سرگودھا میں دریائے چناب بپھر گیا اور دریا کنارے آبادیاں خالی کرا لی گئیں، راولپنڈی میں نالہ لئی میں پانی خطرناک حد تک بلند ہوگیا ، گلیوں، بازاروں اور سڑکوں پر پانی کھڑا ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، پنجاب اسمبلی کی سیکرٹریٹ کی چھتیں ٹپکتی رہیں، آج بھی لاہور سمیت ملک بھر میں بارش کا امکان ہے ، تفصیلات کے مطابق دریاخان میں بارش کے باعث گھر کی دیوار گر گئی ، اڈا شہانی عنایت آباد میں 12 سالہ فیضان ملبے تلے دب کر چل بسا، الہادی میڈیکل کمپلیکس کے قریب گھر میں بارش کا پانی داخل ہونے سے ایک سالہ بچی مصباح پانی میں ڈوب کر چل بسی، حافظ آباد کے نواحی قصبہ کولو تارڑ میں مکان کی دیوار گرگئی ، خاتوں ممتاز بی بی جاں بحق اور ایک خاتون شدید زخمی ہوگئی، نارووال میں بارشوں کے پانی میں ڈوب کر 3 افراد جاں بحق ہو گئے ، شکر گڑھ کے نواحی گاؤں نور کوٹ عیسی روڈ بواعہ میں اسلم کا 18سالہ بیٹا محمد علی دوستوں کے ساتھ برساتی نالہ بئیں میں پاؤں پھسلنے سے گر کر چل بسا، نارووال کے نواحی گاؤ ں سائر باجوہ میں پانی کے گڑھے میں گر کر 7 سالہ ثقلین چل بسا، ایم آر لنک کینال پر ایک نامعلوم نوجوان نہاتے ہوئے ڈوب کر چل بسا، کراچی میں پاک کالونی لیاری ندی میں ڈوب کر بچہ کبیر جاں بحق ہو گیا ، لاہور میں مختلف مقامات پر موسلادھار بارش ہوئی ، نشیبی علاقے زیر آب آگئے ، بجلی کی ترسیل کا نظام درہم برہم ہوگیا، لیسکو ریجن میں تقریباً 34 فیڈرز ٹرپ کر گئے ، 62 فیڈرز کو حفاظتی اقدامات کے تحت بند کیا گیا ، لکشمی چوک، لارنس روڈ، تاجپورہ میں ڈیڑھ فٹ سے زائد پانی کھڑا ہو گیا، دیگر نشیبی علاقوں میں ایک فٹ تک پانی کھڑا ہوا، تیز بارش دوپہر 12 بج کر 2 منٹ پر شروع اور ایک بج کر 36 منٹ تک جاری رہی، بارش چوک ناخد ا 55، لکشمی چوک 55 ، تاج پورہ55،ائرپورٹ 24 ،جیل روڈ26 ، واسا ہیڈ آفس گلبرگ 41،اپرمال 24،فرخ آباد میں 42 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ بارش کی وجہ سے گزشتہ روز پنجاب اسمبلی کی سیکرٹریٹ کی چھتیں ٹپکتی رہیں، عملہ پانی بالٹیوں میں جمع کرتا رہا ، حالیہ بارشوں اور بھارت کی جانب سے دریائے چناب میں چھوڑے گئے پانی کے باعث دریا ئے چناب میں طغیانی آگئی، سیلاب کے خدشے کے پیش نظر ضلع سرگودھا میں دریائے چناب کے کنارے آباد لوگوں کو محفوظ مقامات پرمنتقل کر دیا گیا ، دریائے جہلم کے کناروں پر آباد مکینوں کو بھی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے ، کراچی میں 4 دن گزرنے کے باوجود احتساب عدالت کی بجلی بحال نہ ہوسکی ، سٹی کورٹ میں بارش کا پانی تاحال موجود ہے ، راولپنڈی شہر کے عین درمیان سے گذرنے والے نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرناک حد کو چھو گئی ، محکمہ موسمیا ت کے مطابق آج جمعہ کے روز راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا، فیصل آباد ڈویژنز ، ہزارہ ڈویژن اور ملک کے مختلف شہروں میں بارش کا امکان ہے ۔