مکرمی! بارش جو کہ اللہ تعالیٰ کی رحمت ہے مگر بدقسمتی سے کراچی والوں کے لیے یہ زحمت ہی ثابت ہوئی ہے۔ کیونکہ یہاں صاحبِ اختیار لوگ چند ٹکوں کی خاطر قیمتی جانوں کے ضایع ہونے پر اندھے اور گونگے بنے ہوئے ہیں۔ بجلی کے کھمبوں، نالوں، ٹوٹی پھوٹی سڑکوں اور سیوریج کے ناقص نظام کی وجہ سے کتنے لوگ اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔ یہاں بارش کے موسم سے لطف اندوز ہوتے ہنستے مسکراتے چہرے اچانک کرنٹ لگنے یا کسی نالے کا نوالا بننے پر اپنی جان کی ناقدری پہ محوِ ماتم ہیں۔ کون ہے ذمہ دار ان معصوم جانوں کے ضائع ہونے کا؟ کس طرح ازالہ ہوگا اْن اجڑے ہوئے گھروں کا جن کا قیمتی مال اور جانیں ان چند لوگوں کی خودغرضی اور بے حسی کی نظر ہو گئیں؟ (حریم سلیم کراچی)