اسلام آباد، کراچی ، راجن پور ، ملتان (این این آئی، سٹاف رپورٹر) ملک کے مختلف علاقوں میں ہونے والی ہلکی و تیز بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے ، حبس کی کیفیت ختم ہوگئی ہے ، ہلکی سردی کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا ہے جبکہ راجن پور میں بارشوں سے پیدا ہونے والی سیلابی کیفیت کے پیش نظر لوگوں کی محفوظ مقامات پر منتقلی کے لیے اعلانات کردیے گئے ہیں ، بلوچستان کے علاقوں میں سیلاب سے ڈیرہ بگٹی میں ایک بچہ اورخاتون جاں بحق ہوگئے ، ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے مختلف شہروں میں گزشتہ روز بھی بارش کا سلسلہ جاری رہا ، جس سے میپکو کے 80 فیڈرز ٹرپ کر گئے اور متعدد علاقوں میں کئی گھنٹے تک بجلی کی فراہمی معطل رہی ، لودھراں میں کہروڑ پکا مسح کوٹھا پل کے قریب بارش کے باعث ڈیری فارم کی چھت گر گئی جس سے 60 سالہ امام بخش چھت کے ملبے کے نیچے دب کر جاں بحق ہو گیا، جنوبی پنجاب میں بڑے پیمانے پر فصلیں تباہ ہوچکی ہیں، شہر قائد سے موصولہ اطلاع کے مطابق مختلف علاقوں میں رات گئے تیزو ہلکی بارش ہوئی ہے جس کی وجہ سے کچھ مقامات پر پانی جمع ہو گیا ، بارش کے نتیجے میں بعض علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ۔ بالائی سندھ میں ہونے والی بارش کے سبب سیپکو کے 365 فیڈرز ٹرپ کرگئے ہیں جن کی بحالی کا کام تیز بارش کے سبب رات گئے تک شروع نہیں ہو سکا تھا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سکھر اور لاڑکانہ ڈویژنوں میں مزید بارش کا امکان ہے ۔