لاہور، اسلام آباد ، وہاڑی، ملتان ( اپنے رپورٹر سے ، لیڈی رپورٹر، ڈسٹرکٹ رپورٹر، جنرل رپورٹر) پنجاب، خیبر پی کے کے مختلف اضلاع ، کشمیر ، ژوب اور مٹھی میں بارش ہوئی، سندھ بھر میں بھی بارش ہوئی، کراچی میں بوندا باندھی، وہاڑی کے نواحی علاقہ ہیڈ اسلام کے قریب آسمانی بجلی گرنے سے دو بچے جاں بحق ہوگئے ، موضع خیر ودیہ بستی مئے میں صحن میں کھیلتے ہوئے 14 سالہ افتخار اور 9 سالہ علی آسمانی بجلی کی زد میں آکر موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے ۔ جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ ملتان میں نظام زندگی بری طرح متاثر ہوا، ٹاٹے پور میں موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے ۔ بستی ملوک کے نواحی علاقہ چک نمبر12ایم آرمیں موسلا دھار بارش اورژالہ باری سے گندم کی فصل تباہ ہوگئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج جمعہ کے روز اسلام آباد،راولپنڈی سمیت پنجاب، مشرقی بلوچستان ، خیبر پختونخوا ،گلگت بلتستان اور کشمیر میں تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔ جمعرات کے روز کم از کم درجہ حرارت کالام میں منفی ایک سنٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔