لاہور،فیصل آباد،شیخوپورہ،اسلام آباد(اپنے سٹاف رپورٹر سے ،کرائم رپورٹر،خصوصی رپورٹر، نمائندگان) پیر سے شروع ہونے والی بارش کا سلسلہ گزشتہ روز بھی وقفے وقفے سے رات گئے تک جاری رہا جس کے باعث شہر کے بعض نشیبی علاقے زیر آب آگئے ۔کئی مقامات پر ہلکی بارش جبکہ مقامات گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز کشمیر ،شمال مشرقی پنجاب ،اسلام آباد، بالائی خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہوئی۔ شمالی وزیرستان کی حسین وادیوں شوال اور رزمک میں ایک بار پھر برف باری کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے ۔ سردی کی وجہ کھڑا پانی بھی جم گیا ہے ۔لوگ گھروں میں محصور ہوگئے ۔ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی بلوچستان اورشمالی علاقہ جات میں شدید سردرہا۔سب سے زیادہ بارش گجرات میں 80ملی میٹر ہوئی،مالم جبہ 05 اور مری 02 انچ برفباری بھی ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج گلگت بلتستان ،شمال مشرقی پنجاب،کشمیراوراس سے ملحقہ علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اورپہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے ۔ پنجاب کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں شدید دھند چھاے ٔ رہنے کی توقع ہے ۔لاہورشہر کا موسم جزوی ابر آلود رہنے اور بارش کا بھی امکان ہے ۔لاہور میں بارش سے بجلی کاترسیلی نظام بھی بری طرح متاثرہوا اور کئی علاقوں میں گھنٹوں بجلی بند رہی ۔ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں آسمانی بجلی گرنے سے آگ لگ گئی جس میں دو گاڑیاں اور شیڈ جل کر راکھ ہو گئے ، فیسکو کے 60 سے زائد فیڈر ٹرپ ہونے سے شہریوں پر بھی ’بجلیاں‘ گرتی رہیں، بیشتر علاقوں کی بتی گل ہوئی۔ادھر بارش سے لاہور میں اقبال ایونیو شادی ہال کی دیوار گر گئی جس کے ملبہ تلے دب کر دو ملا زمین معمو لی زخمی ہو ئے ۔فیصل آباد میں اڈہ جوہل کے قریب واقع فیکٹری میں مزدور دیوار بنا رہے تھے کہ بارش کی وجہ سے دیوار گر گئی جس کے نتیجہ میں 19سالہ مزدور وسیم موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جبکہ 21سالہ سلیم زخمی ہو گیا۔علاوہ ازیں شیخوپورہ میں صدر مریدکے کے علاقہ اڈا سیکھم میں بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے 48 سالہ شخص ارشد جاں بحق ہوگیا۔دریں اثنا اسلام آباد کے سیکٹر ڈی 12 میں آسمانی بجلی گرنے سے 15 سالہ لڑکی جاں بحق ہوگئی ۔ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات نے لڑکی کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں آسمانی بجلی گرنے کا یہ پہلا واقعہ ہے ۔ اسلام آباد میں آسمانی بجلی گرنے سے ہلاکت کی خبر پہلی بار سامنے آئی ہے ۔