کراچی سکھر،میرپورخاص ( سٹاف رپورٹر، نمائندگان ) سندھ میں بارشوں سے تباہی پر سندھ حکومت نے وفاق سے مدد مانگ لی، بارشوں سے تباہی پر وزیراعلیٰ سندھ نے وزیراعظم کو خط لکھ دیا،جس میں وفاق سے متاثرین کے زرعی قرضے معاف یا ادائیگیاں مؤخر کرنے کا مطالبہ کیا گیا ۔ خط میں بتایا کہ سندھ میں بارشوں سے 25 لاکھ افراد براہ راست بری طرح متاثر ہو ئے ،جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کو فی کس پانچ لاکھ اور زخمیوں کو دو لاکھ دینے دئیے جا ئیں ، دریاؤں ، نہروں کے نظام کی بہتری کیلئے 43 ارب روپے بھی مانگ لئے ، وزیراعلی ٰ نے کہا کہ کراچی میں انفراسٹرکچر کی بحالی کے لئے پانچ ارب اور دیگر اضلاع کیلئے بھی 5 ارب روپے کی ضرورت ہوگی جبکہ وزیراعلیٰ نے سکھر سے گڈو تک دریائے سندھ کا فضائی دورہ، سیلابی صورتحال کا جائزہ لیا ۔سکھر بیراج کے دورے کے بعد گفتگو میں وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت قومی مصیبت کو تنہا نمٹ نہیں سکتی وفاق کی شدید مدد کی ضرورت ہے ۔ میرپورخاص(بیورورپورٹ)چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو دو روزہ دوریپرمیرپورخاص پہنچ گئے اور سیلاب سے متعلق صورتحال کا جائزہ لیا ۔تفصیلات کے مطابق بلاول سندھڑی ایئرپورٹ پہنچے تو وزیراعلیٰ مراد علی شاہ ودیگر نے انکا استقبال کیا،چیئرمین پیپلزپارٹی نے وزیراعلی ٰسندھ کیساتھ بارش متاثرین سے ملاقات کی اورریلیف کے کاموں کا جائزہ لیا،محکمہ آبپاشی کے افسران نے بریفنگ دی ،بعدازاں چیئرمین پیپلز پارٹی سندھڑی تعلقہ کے شہربارھون میل،کتھری، خیرو شاہ پہنچے ،علاوہ ازیں بلاول کی زیرصدارت اجلاس ہوا ،پی پی چیئرمین نے ہدایت کی کہ ایسی پالیسی ترتیب دی جائے کہ طوفانی بارشوں میں صورتحال خراب نہ ہو۔قبل ازیں پی پی چیئرمین کی آمد پرانتظامیہ نے سکیورٹی کے سخت انتظامات کرتے ہوئے شہر کی اہم سڑکیں عام ٹریفک کیلئے بند کردیں جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔