اسلام آباد،مظفر آباد، گلگت، پشاور، کوئٹہ، گوادر، کراچی،لاہور،قصور( سپیشل رپورٹر،92 نیوز رپورٹ، این این آئی،صباح نیوز،اپنے رپورٹر سے ،92نیوز رپورٹ،ڈسٹرکٹ رپورٹر) آزاد کشمیر ، گلگت بلتستان اور اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برف کا سلسلہ جمعرات کو بھی جاری رہا ، کئی علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ،بلوچستان میں کئی گھر منہد م،20ہزارافراد بے گھر ہوگئے ۔ چھتیں گرنے سے 2کمسن بہن بھائی سمیت 3افراد جاں بحق اور لینڈ سلائیڈنگ سے ایک شخص جاں بحق جبکہ خاتون سمیت 6زخمی ،4جانور بھی ہلاک ہو گئے لاہور میں گزشتہ روز مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ بعض مقامات پر بوندا باندی بھی ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر ، گلگت بلتستان اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت مختلف علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا سلسلہ جاری جمعرات کو بھی جاری رہا جس کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ۔گلگت قراقرم ہائی وے پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث گلگت اور راولپنڈی کے درمیان زمینی رابطہ منقطع ہوگیا،پولیس کے مطابق کوہستان کمیلا کے قریب لینڈ سلائیڈنگ سے موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہوگیا،لینڈ سلائیڈنگ کیوجہ سے قراقرم ہائی وے قسم کی ٹریفک کیلئے بندکردی گئی ۔ گوادر، کیچ کے مختلف علاقوں میں کئی مکانات، چھتیں اور دیواریں گریں۔پانی کی سطح بلند ہونے پر گوادر کے ڈیموں کے سپیل ویز کھول دئیے گئے ۔چمن میں میں طوفانی بارشوں سے 200 سے زائد مکانات مکمل تباہ ہوگئے ۔ وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو کا کہنا ہے کہ گوادر کو آفت زدہ ضلع قرار دیکر اپنے وسائل سے امدادی سرگرمیاں شروع کردی گئیں۔آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں برف باری کے بعد متعدد رابطہ سڑکیں بند ہوچکی ہیں۔ بلوچستان کے ضلع گوادر، کیچ اور پسنی میں ایمرجنسی نافذ کر کے گوادر کو آفت زدہ قرار دے دیا گیا۔دریں اثناپاک فضائیہ کا C130 طیارہ گوادر بلوچستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے لیے امدادی سامان لے کر پسنی ائیر پورٹ پہنچ گیا ۔دریں اثنا حالیہ بارشوں میں قصور کے علاقہ بستی قادرآباد میں چھت گرنے سے 2 سالہ ملائکہ ذوالفقار ،6ماہ کا احمد علی موقع پر جاں بحق جبکہ ذوالفقار اس کی بیوی فضیلت بی بی ،7 سالہ بیٹا طیب ذوالفقار ،3 سالہ ابہہ اور تنزیلہ ذوالفقار زخمی ہو گئے ۔ باغیچی محلہ مصطفی آباد میں چھت گرنے سے نواز جاں بحق، نیواں تھہ مصطفی آباد میں خستہ مکان کی چھت گرنے سے محمد خالد زخمی ہو گیا ہنجرائے کلاں سرائے مغل میں چھت گرنے سے 3بکریاں ہلاک ہو گئیں ، چک 5 میں چھت گرنے سے ایک بکرا ہلاک ہو گیا ۔دریں اثناموٹروے پولیس نے شدید دھند کے باعث موٹروے ایم تھری فیض پور لاہور سے سمندری ،موٹر وے ایم 11لاہور سے سیالکوٹ، موٹروے ایم ٹو لاہور سے شیخوپورہ تک دھند کی وجہ سے بند کردی گئی ہے ۔