لاہور، اوکاڑہ، شیخوپورہ، پاکپتن، اسلام آباد ، فیصل آباد ( اپنے سٹاف رپورٹر سے ، ڈسٹرکٹ رپورٹرز، لیڈی رپورٹر، خصوصی رپورٹر ) لاہور سمیت مختلف شہروں میں بارش جاری رہی، معمولات زندگی متاثر ہوگئے ، شاہراہوں اور مختلف مقامات پر کیچڑ اور پانی کھڑا ہونے سے مشکلات بڑھ گئیں، لاہور میں دن بھر وقفہ وقفہ سے بارش ہوئی، نشیبی علاقے زیر آب آگئے ، سردی میں بھی اضافہ ہوگیا، اوکاڑہ میں بارش کے باعث چھت گرنے سے شہری جاں بحق ہوگیا، آج بھی بارش اور برفباری کا امکان ہے ۔ اوکاڑہ کے نواحی قصبہ راجوال کا 50سالہ امین بارش کی وجہ سے گھر کی چھت گرنے سے ملبہ کے نیچے آجانے سے موقع پر جاں بحق ہوا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مری میں برفباری ہوئی، منگل کو جھنگ میں 32 ملی میٹر، فیصل آباد 23 ، اوکاڑہ 20، ساہیوال 17 ، ٹوبہ ٹیک سنگھ 16، حافظ آباد 13، لاہور ائرپورٹ 21 ، لاہور سٹی 19 ، گجرات 10، سرگودھا 9، منڈی بہاؤالدین 8، بہاولنگر میں 7 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، مری میں 2 انچ برف باری ہوئی، سکردو میں کم از کم درجہ حرارت منفی18 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔ آج بدھ کو شمال مشرقی پنجاب، اسلام آباد، بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کی توقع ہے ۔ فیصل آباد ڈویژن میں مکانوں کی چھتیں گرنے سے دو سالہ بچی جاں بحق جبکہ 4کمسن بچوں سمیت 5افراد زخمی ہو گئے ، چنیوٹ کے علاقہ جھنگ روڈ موضع ونوکا میں بارش کے باعث مکان کی چھت گر گئی جس کے باعث ملبے تلے دبنے سے دوسالہ مریم جاں بحق اور اس کا بڑا بھائی زخمی ہوگیا۔