لاہور/اسلام آباد/پشاور/لنڈی کوتل (اپنے سٹاف رپورٹر سے ،سٹاف رپورٹرز،نمائندہ خصوصی سے ،نامہ نگاران،وقائع نگار،نمائندہ 92 نیوز) صوبائی دارالحکومت میں گزشتہ روز موسلادھار بارش کے باعث شہر کے کئی نشیبی علاقے زیر آب آ گئے جبکہ شہر کی شاہراہوں پر بارش کا پانی کھڑا ہو گیا جو رات گئے تک نہ نکالا جاسکا جبکہ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب پشاور اور گردونواح کے علاقوں میں شدید طوفانی بارش کے باعث دیر کالونی میں خستہ ہال مکان کی چھت بیٹھ گئی جس کے ملبے تلے دب کر باپ بیٹی جاں بحق اور بیٹا زخمی ہو گیا ۔اہل علاقہ اور امدادی ٹیم نے ملبہ ہٹا کر زخمیوں کو ہسپتال پہنچایا جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شیر زمان اور اس کی بیٹی دم توڑ گئے ، ملبے تلے دبے ایک بچے کوزندہ نکال لیا گیا جبکہ لنڈی کوتل میں طوفانی بارش اور سیلابی ریلے میں بہہ جانے سے ٹرالر کا کنڈیکٹر گل جی جاں بحق ہو گیا، دریں اثنائگزشتہ روز دوپہر کولاہور میں ہونے والی بارش نے لیسکو کا ترسیلی نظام درہم برہم کرکے رکھ دیا۔ لیسکو کے 86 فیڈرز اور 9 گرڈز ٹرپ کر گئے جس سے کئی علاقے بجلی کی فراہمی سے محروم ہو گئے ۔علامہ اقبال ائر پورٹ پر بھی موسمیاتی وارننگ جاری کر دی گئی،، ائر پورٹ انتظامیہ نے چھوٹے اے ٹی آر طیاروں کو لینڈنگ اور ٹیک آف سے بھی روک دیا د،یگر شہروں میں ہونے والی بارش سے آئیسکو اور دیگر ڈسکوز میں بھی یہی صورت حال رہی ۔ بارشوں سے ملک بھر میں ہزاروں فیڈرز اور سینکڑوں گرڈز ٹرپ کر گئے ۔ سینکڑوں ٹرانسفامرز بھی جل گئے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، کوہاٹ، لاہور، راولپنڈی، سرگودھا، فیصل آباد، ملتان، ساہیوال، کوئٹہ، قلات ڈویژن اور کشمیر میں چند مقامات پر تیزہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش ہوئی۔ آج ہفتہ کے روز مالاکنڈ، ہزارہ، راولپنڈی، گوجرانوالہ، ژوب، قلات ڈویژن، اسلام آباد، فاٹا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیزہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے ۔ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم مرطوب رہیگا۔ لاہور میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35ڈگری اور کم سے کم24ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔محکمہ موسمیات کے مطابق آج شہر کا موسم جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے ۔دریں اثنائمحکمہ موسمیات نے 25 جولائی کو الیکشن کے دن ملک بھر میں بارش کی نوید سنائی ہے ۔یہ بھی کہا گیا ہے کہ یہ بارشیں شدید سے شدید تر ہو سکتی ہیں جبکہ محکمہ بلدیات نے ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو مراسلہ جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ عام انتخابات کے روزبارش کی پیشگوئی کے باعث ایسے متبادل انتظامات کو یقینی بنایا جائے جن کے سبب ووٹرز اور پولنگ سٹیشنز میں تعینات انتخابی عملے کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔