اسلام آباد ،لاہور(سپیشل رپورٹر،وقائع نگار خصوصی،خصوصی نمائندہ،92 نیوزرپورٹ ،نیٹ نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک،نیوزایجنسیاں)وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ شریف فیملی کی چوری اورمنی لانڈرنگ پکڑی گئی ہے جبکہ شہباز کیخلاف کیس بڑا واضح ہے ۔ذرائع کے مطابق گزشتہ روزوزیراعظم کی زیرصدارت حکومتی اورپارٹی ترجمانوں کے اجلاس میں ملکی سیاسی، معاشی اورکوروناکی صورتحال پرغورکیاگیا۔ وزیراعظم نے شریف فیملی پرتنقیدکی اور مزید کہا کہ شہبازشریف اوردیگرکے بھاگنے سے معاملہ صاف ظاہرہوتاہے کہ انکی چوری پکڑی گئی۔کوروناسے نمٹنے کیلئے ایس اوپیزپرسختی سے عمل کرانے کیلئے صوبائی حکومتوں کوہدایات دی ہیں۔ذرائع نے مزید بتایا کہ وزیراعظم کاکورونا سے متعلق اہم خطاب آئندہ 24گھنٹے میں متوقع ہے ۔ مشیر بابراعوان نے پارلیمانی اموراوربجٹ اجلاس پربریفنگ دی،وزیراعظم نے ارکان کوبجٹ اجلاس کی کارروائی میں حصہ لینے کی ہدایت کی۔دریں اثناوزیر اعظم کی منظوری کے بعدسینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم کوسینٹ میں نیا قائد ایوان مقرر کردیا گیا۔وزیراعظم سے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے ملاقات کی اور کامیاب جوان پروگرام اور ٹائیگر فورس سے متعلقہ معاملات پر تفصیلی بریفنگ دی۔اس موقع پروزیراعظم نے جلد رضا کار فورس کے نوجوانوں سے اہم خطاب کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ٹائیگر فورس سے کورونا وبا کیساتھ ساتھ ٹڈی دل کے خاتمے کیلئے بھی خدمات لی جائینگی۔ مزید محاذوں پر بھی قومی خدمات حاصل کی جائیں ،نوجوان رضا کار مستقبل میں بھی قومی معاملات میں معاونت کرینگے ۔ وزیر اعظم سے معاون خصوصی برائے پٹرولیم ندیم بابر نے ملاقات کی اور پٹرولیم سیکٹر میں اصلاحات میں پیشرفت پر بریف کیا، وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ پٹرولیم سیکٹر میں اصلاحات کے عمل کو مزید تیز کیا جائے تاکہ عوام کو ریلیف ملے اور شعبہ میں بہتری آ ئے ۔ وزیر اعظم سے انصاف ڈاکٹرز فورم (آئی ڈی ایف) کے وفدجس میں ڈاکٹر مدیر خان، ڈاکٹر سعید مصطفیٰ، ڈاکٹر جواد واصف، ڈاکٹر عاصم رضوی، ڈاکٹر سجاد، ڈاکٹر محسن رانجھا و دیگر شامل تھے نے ملاقات کی۔وزیر اعظم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی اصلاحات کا مقصد عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا اور نظام میں موجود خامیوں کی اصلاح ہے ۔ کورونا کیخلاف جنگ میں ڈاکٹرز اور ہیلتھ کیئر سٹاف کی خدمات لائق تحسین،قوم خراج تحسین پیش کرتی ہے ۔ ماضی میں ہیلتھ سیکٹر کو نظر انداز کیا گیا ۔ تحریک انصاف وسطی پنجاب کے صدر اعجاز چودھری نے بھی عمران خان سے ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی صورتحال، پارٹی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئندہ بجٹ پر اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہاکہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے ، صنعتی عمل کا فروغ اور کاروباری برادری کو ہر ممکن آسانیاں فراہم کرنا اولین ترجیح ہے ۔بجٹ میں کورونا سے متاثرہ صنعتی شعبے کی بحالی ، سبسڈیز کے بہترین اور موثر استعما ل کو یقینی بنانے اور عوام پر غیر ضروری حکومتی اخراجات کا بوجھ کم کرنے ، غیر ترقیاتی اخراجات میں کمی لانے پر توجہ دی جائے ۔ مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے محصولات ، اخراجات اور آئندہ بجٹ کے تخمینوں کا خاکہ پیش کیا،ایف بی آر میں اصلاحات پر بریفنگ دی ۔ وزیر اعظم آفس میں وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمالسے ملاقات میں عمران خان نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کی فلاح و بہبود اور صوبے کی ترقی کیلئے صوبائی حکومت کو ہر ممکنہ تعاون فراہم کیا جائیگا ۔ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان نے صوبے کیلئے میگا پروجیکٹس مانگ لئے ۔وزیراعظم نے کہا کہ پی ایس ڈی پی میں بلوچستان کوخصوصی حصہ دیاجائیگا،قدرتی وسائل میں حصے کی فراہمی ترجیح ہے ۔