کراچی (سپورٹس رپورٹر) الفا کالج سپورٹس فیسٹیول 2019کے 8ویں روز باسکٹ بال اور کرکٹ کے مقابلے کھیلے گئے ۔ باسکٹ بال کے مقابلے انڈر19گرلز اینڈ بوائز دونوں کیٹیگری میں الفا کالج اورالفا کور گراؤنڈ پر منعقد ہوئے ۔ کرکٹ میچز ہل پارک ار آئی بی اے کرکٹ گراؤنڈز پر ناک آؤٹ کی بنیاد پر کھیلے گئے ۔انڈر19باسکٹ بال (گرلز)ایونٹ میں پہلا سیمی فائنل سیڈر کالج اور الفا کالج کے مابین کھیلا گیا۔ سیڈر کالج نے 1-35کے واضح فرق سے جیت کر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ دوسرے سیمی فائنل میں نکسر کالج نے بحریہ کالج،کارساز کو 8-13سے زیر کرکے فائنل میں اپنی نشست کو کنفرم کیا۔ تیسری پوزیشن کے میچ میں بحریہ کالج، کارساز نے الفا کالج کو 9-20سے شکست دے کر انڈر19گرلزایونٹ کا برانز میڈل اپنے سینے پر سجایا۔انڈر 19باسکٹ بال (بوائز) میں الفا کالج نے بی ایس ایس ڈسکوری کو 5-48کی یکطرفہ شکست دی۔ نکسر کالج نے حبیب پبلک ہائی سکول کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 15-17سے ہرایا۔حبیب پبلک سکول اور جنریشن سکول کے مابین مقابلہ میں جنریشن اسکول کو 22-47سے کامیابی حاصل ہوئی۔ انڈر19کرکٹ ایونٹ میں ہیکسز کالج نے امریکن سکول کو 8وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل میں اپنی نشست کو کنفرم کیا۔ امریکن اسکول اور کالج نے پہلے بیٹنگ کی اور مقررہ 10اوورز میں 3وکٹوں پر 100رنز کا مجموعہ حاصل کیا۔