اسلام آباد،نئی دہلی (نیٹ نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک) بالاکوٹ کے مبینہ حملے کے بعد جہاںپاک فضائیہ نے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا، وہیں پاک بحریہ کی ایک کامیاب جنگی چال نے بھی بھارت کے ہوش اڑا دئیے اور بھارتی بحریہ کے عہدیدار 21 دنوں تک سر پکڑ کر بیٹھے رہے ۔پاک بحریہ نے جنگی چال چلتے ہوئے اپنی سب سے ایڈوانس آگسٹا کلاس آبدوز پی این ایس سعد کو غائب کر دیا،جو طویل وقت تک زیر آب رہنے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔ آبدوز کے غائب ہونے سے بھارتی نیوی میں کھلبلی مچ گئی کہ پاکستان اس آبدوز کو ہمارے علاقے میں نہ بھیج دے ۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بحریہ کو مشقوں سے ہٹا کر پاکستان کے پانیوں کے قریب تعینات کر دیا گیا،پاکستانی آبدوز کا سراغ لگانے کیلئے وسیع پیمانے پر سرچ آپریشن لانچ کیا گیا جس میں درجنوں جنگی جہاز، روایتی اور ایٹمی آبدوزیں شامل تھیں،جبکہ جدید ترین ریڈار اور سیٹلائٹس سے بھی مدد لی گئی۔فوجی ذرائع کے مطابق پاکستانی آبدوز کراچی کے پاس سے غائب ہوئی تھی اور یہ تین دن میں گجرات کے ساحل جبکہ پانچ دن میں مغربی فلیٹ کے ہیڈکوارٹرز پہنچ سکتی تھی۔ بھارتی بحریہ 21 دن تک پاکستانی آبدوز کی تلاش کرتی رہی اور پھر پتا چلا کہ وہ پاکستان کے مغربی حصے میں موجود ہے ،قابلیت کا بھانڈا پھوٹنے پر بھارتی میڈیا اپنی ہی بحریہ پر برس پڑا۔