ممبئی (شوبزڈیسک) بالی ووڈ بے بو کرینہ کپور ان دنوں یوں تو اپنی آنے والی فلم ’انگریزی میڈیم‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں اور وہ اس سلسلے میں لندن میں موجود ہیں۔ اطلاعات سامنے آئی ہیں کہ جلد ہی کرینہ کپور ایک بار پھر مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کے ساتھ کام کرتی دکھائی دیں گی۔ کرینہ کپور اور عامر خان 1994 میں ریلیز ہونے والی ہالی ووڈ فلم ’فوریسٹ گمپ‘ کے آفیشل ہندی ریمیک میں کام کرتے دکھائی دیں گے ۔ہالی ووڈ فلم کے آفیشل ہندی ریمیک کا نام ’لال سنگھ چڈھا‘ رکھا جائے گا، جس میں عامر خان مرکزی کردار ادا کرتے دکھائی دیں گے ۔ عامر خان چاہتے ہیں کہ فلم میں ان کے ساتھ کرینہ کپور رومانس کرتی دکھائی دیں، اس لیے فلم کی ٹیم اداکارہ کو کاسٹ کرنے کا ارادہ کر چکی ہے ۔فلم کی ہدایات اڈویت چندن دیں گے اور اس کی شوٹنگ کا آغاز رواں برس اکتوبر سے کیے جانے کا امکان ہے ۔خیال رہے کہ اس سے قبل بھی عامر خان اور کرینہ کپور ’تھری ایڈیئٹس‘ اور ’تلاش‘ میں ایک ساتھ کام کر چکے ہیں۔