کراچی (وقائع نگار) انسداد دہشت گردی عدالت نے ایم کیوایم پاکستان کے کنوینئرڈاکٹرخالد مقبول صدیقی کو مفرورقراردیتے ہوئے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ، ہفتہ کو کراچی کی انسداد دہشتگردی عدالت میں بانی ایم کیو ایم کی اشتعال انگیزتقاریراور22اگست کومیڈیا ہاؤسزپرحملے سمیت متعدد مقدمات کی سماعت ہوئی، ڈاکٹرفاروق ستار،خواجہ اظہار،قمرمنصور،کنورنوید، عامرخان،ساتھی اسحاق، ریحان ہاشمی، رؤف صدیقی اوردیگرملزمان عدالت میں پیش ہوئے ، ملزمان کے وکلاء کو مقدمے کے دستاویزات فراہم کی گئیں۔ پولیس نے 3 مقدمات میں حتمی چالان پیش کردیئے جو عدالت نے منظورکرلئے ،پولیس نے چالان میں ایم کیوایم پاکستان کے کنوینئرخالد مقبول صدیقی اوربانی ایم کیو ایم کو مفرورقراردیا گیا۔عدالت نے ایم کیو ایم بانی اورخالد مقبول صدیقی سمیت دیگرکے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے حکم دیا کہ ملزمان کو گرفتارکرکے پیش کیا جائے ،ایک ملزم فیصل کی عدم حاضری کے باعث فرد جرم عائد نہیں ہوسکی،ملزم فیصل کی بیماری سے متعلق عدالت میں درخواست جمع کرا دی گئی۔عدالت نے ریمارکس دیئے کہ 2 سال گزرگئے ابھی تک فرد جرم عائد نہیں ہوئی، ہرپیشی پرکوئی نہ کوئی غیرحاضر ہوتا ہے ، عدالت نے قرار دیا کہ کوئی غیرحاضرہوا تو اسکے وارنٹ گرفتاری جاری ہوں گے ۔عدالت نے سماعت 8 ستمبرتک ملتوی کردی۔