اسلام آباد(اظہر جتوئی)وفاقی حکومت نے اشیائے خوردونوش کے بحران سے بچنے کیلئے غذائی اشیا کی پیدا وار، درآمدات اور برآمدات کی مانیٹرنگ کا فیصلہ کرلیا ،اس سلسلے میں بنیادی زرعی اجناس کی پیداوارکی نگرانی کا سیل قائم کیا جائے گا،یہ سیل آئندہ دو ماہ میں قائم کر نے کا ٹاسک دیدیا گیا۔ذرائع کے مطابق پاکستان میں گندم سمیت غذائی اشیا کے حالیہ بحران کے پیش نظر وفاقی حکومت نے آئندہ کی حکمت عملی طے کر لی ہے جسکے تحت بنیادی زرعی اجناس کی نگرانی کا سیل قائم کیا جائیگا، یہ سیل درآمدات و برآمدات سے متعلق اعدادوشمار اکٹھے کریگا،ذرائع کے مطابق پاکستان کے پاس گندم ،مکئی اور چاول کی بڑی فصلوں کا خاصا ذخیرہ موجود ہوتا ہے جو ملک کی ضروریات پوری کر سکتا ہے ،پاکستان میں دالوں کی پیداوار ہمیشہ سے کم رہی اور درآمدات کے ذریعے ضروریات پوری کرتا ہے ،ذرائع کے مطابق بنیادی زرعی اجناس سیل دو ماہ کے اندر قائم کر دیا جائے گاتاکہ غذائی اشیا کی تسلسل سے فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور ضروری زرعی مصنوعات پر کڑی نظر رکھی جا سکے ۔