لاہور(سپورٹس رپورٹر)بال ٹیمپرنگ سکینڈل کے سب پابندی کا شکار سابق آسٹریلین کپتان اسٹیو اسمتھ کی پابندی کی مدت کا خاتمہ ہو گیا ہے جس کے ساتھ ہی وہ دوبارہ آسٹریلین ٹیم کی قیادت کے اہل ہو گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق 2018 کے کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں بال ٹیمپرنگ کے الزام میں اس وقت کے آسٹریلین کپتان سٹیو سمتھ پر کرکٹ آسٹریلیا نے ایک سال کی پابندی عائد کی تھی جبکہ انہیں دو سال کیلئے قیادت کے منصب کیلئے نااہل قرار دیدیا گیا تھا ۔ اسٹیو اسمتھ کے ساتھ ڈیوڈ وارنر اور کیمرون بین کرافٹ پر بھی پابندی عائد کی گئی تھی تاہم گزشتہ سال اسمتھ اور وارنر نے اپنے انٹرنیشنل کیریئر کا کامیابی سے آغاز کر لیا تھا۔ پابندی کے خاتمے کے بعد اسٹیو اسمتھ اب دوبارہ آسٹریلین ٹیم کی قیادت کے اہل ہو گئے ہیں تاہم ان کے ساتھی ڈیوڈ وارنر پر تاحیات پابندی عائد کی گئی جس کے سبب وہ اب کبھی بھی آسٹریلین ٹیم کی قیادت نہیں کر سکیں گے ۔ٹم پین کی جگہ سٹیو سمتھ کو دوبارہ کپتان بنانے کے مطالبات مستقل سامنے آ رہے ہیں تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں کہ آیا سمتھ خود بھی اس منصب کیلئے تیار ہیں یا نہیں۔گزشتہ سال کوچ جسٹن لینگر نے ٹم پین کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسمتھ شاید بیٹنگ کے دباؤ کیساتھ قیادت کا بوجھ نہ لینا چاہتے ہوں۔ آسٹریلیا کی ون ڈے اور ٹی20 ٹیم کے کپتان ایرون فنچ ہیں اور انہیں بھی متعدد مرتبہ ہٹانے کے مطالبات کیے جا چکے ہیں۔پابندی کے خاتمے کے بعد اتوار کو اپنے بیان میں سمتھ نے کہا کہ ابھی ان کی توجہ خود کو ذہنی اور جسمانی طور پر صحت مند رکھنے پر مرکوز ہے ۔سمتھ کو رواں سال انڈین پریمیر لیگ میں شرکت کرنا تھی لیکن کورونا وائرس کے سبب لیگ کو ملتوی کردیا گیا ہے اور اسمتھ کا ماننا ہے کہ موجودہ صورتحال میں لیگ کا منعقد ہونا ناممکن نظر آتا ہے ۔یاد رہے کہ بھارت میں21روزہ لاک ڈاؤن چل رہا ہے اور بھارت نے اپنی سرحدیں بند کرتے ہوئے غیرملکیوں کے داخلے پر پابندی عائد کردی ہے ۔اسٹیو اسمتھ نے کہا کہ بھارت نے 15 اپریل تک پورے ملک کو لاک ڈاؤن کردیا ہے۔ ، لہٰذا ٹورنامنٹ منعقد ہوتا نظر نہیں آرہا، اگر ایونٹ منعقد ہوتا ہے تو اچھا ہے لیکن اگر نہیں ہوتا تو یہ کوئی انوکھی بات نہیں ہو گی کیونکہ دنیا میں پہلے ہی کافی کھیلوں کے مقابلے متاثر ہوئے ہیں۔آسٹریلیا نے کھیلوں کے تمام تر مقابلے منسوخ کردئیے ہیں اور ان کا جون میں شیڈول دورہ بنگلہ دیش اور انگلینڈ سے ون ڈے سیریز بھی ملتوی ہوتی ہوئی نظر آرہی ہے ۔خیال رہے کہ 24 مارچ 2018 کو آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم کے کپتان اسٹیون اسمتھ نے جنوبی افریقہ کے خلاف جاری ٹیسٹ سیریز کے تیسرے میچ میں ناکامی سے بچنے کے لیے منصوبہ بندی کے تحت بال ٹیمپرنگ کرنے کا اعتراف کیا تھا۔