اسلام آباد ، کوئٹہ(این این آئی، صباح نیوز، اے پی پی)صدرعارف علوی نے کہا ہے کہ بھارت اسلاموفوبیا سے خود کوتباہ کرلے گا۔ صدر عارف علوی کا ٹویٹ میں کہنا تھا کہ بھارت بڑا خطرہ مول لے رہا ہے ،دعا اورتوقع ہے کہ ہندوستانی معاشرے کے سمجھدار افراد اس کوروکیں گے ۔صدرعارف علوی کا کہنا تھا کہ ملٹن کنڈیرا نے لکھا ‘‘کسی تہذیب کو ختم کرنے کیلئے پہلا قدم اس کی یادداشت کو مٹانا ہے ۔ پھر اس کی کتابیں۔اْس کی ثقافت اور اْس کی تاریخ کو مٹا دیں۔ اسکے بعد کسی سے نئی کتابیں لکھوائیں، کوئی نیا کلچر تیار کریں، نئی تاریخ ایجاد کریں۔علاوہ ازیں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے منگل کو بیوٹمز کوئٹہ میں احساس کفالت کیش اور احساس انڈر گریجویٹ سکالر شپ سرٹیفیکٹس کی تقسیم کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی فلاحی ریاست روز اول سے ہی پی ٹی آئی کے منشور کا حصہ ہے ، قوم کی ترقی کیلئے جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے معیاری تعلیم کا فروغ ناگزیرہے ، حکومت کے ساتھ ساتھ مخیر حضرات اور سماجی تنظیموں کو بھی تعلیمی اداروں کی خدمات کا سلسلہ جاری رکھنا ہو گا۔ ہمیں اپنے بچوں کو معیاری تعلیم دلانے اور ان کی کار آمد بنانے پر توجہ دینا ہو گی۔صدر مملکت نے کہا کہ حکومت کے مثبت اقدامات کی بدولت ملکی معیشت میں بہتری آ رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو معاشی اعتبار سے مستحکم بنانا ہوگا تاکہ وہ ملکی ترقی کی عمل میں براہِ راست اپنا کردار ادا کرسکیں۔ تقریب سے گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا اور ڈائریکٹر جنرل بی آئی ایس پی بلوچستان عبدالجبار نے بھی خطاب کیا۔