اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ صحت، تعلیم کی بہتری اور غربت کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ، جلد پاکستان سے تپ دق کا مکمل خاتمہ کر دیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹی بی سے پاک پاکستان کے بارے میں قومی سیمینار سے خطاب میں کیا۔ صدر مملکت نے وزیر صحت عامر محمود کیانی کی صحت کے شعبہ میں خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیر صحت ملک سے ٹی بی کے خاتمہ کیلئے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحت کارڈ کا اجرائبھی غربت کے خاتمہ میں معاون ثابت ہو گا۔ صدر نے کہا کہ معیشت بہتر ہو گی تو علاج کیلئے زیادہ وسائل دستیاب ہونگے ۔ انہوں نے کہا کہ صوبے بھی صحت کے معاملہ پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ برسر اقتدار آنے کے بعد وزیراعظم عمران خان کا پہلا منصوبہ بھی صحت سے متعلق تھا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے قوم سے اپنے پہلے خطاب میں بھی صحت کے شعبہ کو اپنی ترجیح قرار دیا۔ صدر نے صحت عامہ سے متعلق شعور اجاگر کرنے کیلئے میڈیا کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ بیماریوں سے بچاؤ کے حوالے سے عوام میں شعور کی بیداری میں ذرائع ابلاغ کا اہم کردار ہے ۔قبل ازیں صدر مملکت نے کامسیٹ یونیورسٹی کی سینٹ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کا شعبہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے ، اعلیٰ تعلیمی اداروں کو اس سلسلے میں فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔