لاہور(سٹاف رپورٹر،خبر نگار خصوصی) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ بجٹ زہرقاتل ہے ، ملکی سالمیت کو خطرہ ہے ،عمران خان کو وارننگ دیتا ہوں شہری پھٹ پڑے تو روکنے والا کوئی نہیں ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ فریال تالپور کی گرفتاری قابل مذمت ہے ،معیشت مردہ ہوچکی، قرضوں،مہنگائی سے عوام کابرا حال ہے ،سینیٹر نزہت صادق نے بھی ان سے ملاقات کی ۔پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا حکومت کی ترجیحات گرفتاریوں پر خوشیاں منانا ہے ،ملکی معیشت وینٹی لیٹر سے بھی نیچے چلی گئی ہے ڈاکٹر ز نے جواب دیدیا ہے کہ اسے دفن کردیں ، 52فیصدسرمایہ کاری کم ہوگئی ہے ، غربت غریب کی آنکھوں میں گھورتی ہے ، مائوں ،بہنوں او ر چاردیواری کا تقدس پامال کیا جارہا ہے ،رات ساڑھے بارہ بجے عمران نیازی کو خطاب یاد آتا ہے ،لانڈری،حجام اور پرائیویٹ ڈاکٹر ز پر بھی16فیصد ٹیکس لگادیئے گئے ہیں ،آبیانہ کا ریٹ دگنا ،سبسڈی ختم کر دی گئی، وزیراعلی پنجاب پر ترس آتا ہے شریف آدمی ہے مگر مطلب یہ نہیں کہ وہ قابل ہیں،پنجاب کی بھاگ دوڑ ایسے شخص کے ہاتھوں دے دی ہے جو خود کہتے ہیں میں سیکھ رہا ہوں۔انہوں نے کہا کہ عمران شاباش عمرایوب کو نہیں نوازشریف کو دو جس نے کوئلے اور ایل این جی کے منصوبے لگائے ۔خبر نگار خصوصی کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی سینٹر نزہت صادق نے حمزہ شہباز سے ملاقات کی ،نزہت صادق نے کہا نواز شریف پاکستان کوبحرانوں سے نکالنے کی سزا کاٹ رہے ہیں۔حمزہ شہباز سے حسن مرتضیٰ کی قیادت میں پیپلز پارٹی کے وفد نے ملاقات کی ، علی حیدر گیلانی، مخدوم عثمان اور دیگر بھی موجود تھے ۔