کراچی (این این آئی) پاکستان کیمیکلز اینڈ ڈائز مرچنٹس ایسوسی ایشن ( پی سی ڈی ایم اے )کے چیئر مین شاہد وسیم نے صنعتی خام مال کے کمرشل امپورٹرزکو درپیش مسائل کے حل کے لیے جدوجہدجاری رکھنے کے عزم کو دہراتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری یہ بھرپور کوشش ہے کہ حکومت کی طرف سے صنعتی و کمرشل امپوٹرز پر ڈیوٹیز کوکم سے کم سطح پرلایاجائے تاکہ ملکی برآمدات کو مسابقت کے قابل بناجاسکے نیز صنعتی خام مال کے کمرشل امپورٹر جو پہلے ہی اٰیڈوانس ٹیکس کی صورت میں ٹیکس ادا کرتے ہیں ان کے خریداروں کو دہرے ٹیکس سے بچانے کی کوششیں بھی جاری رکھیں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیصل آباد میں پی سی ڈی ایم اے کے برانچ آفس میں ممبران کے اجلاس سے خطاب میں کیا۔ کنوینر برانچ آفس اعجاز سلیم،ممبرا یگزیکٹو کمیٹی ایوب صابر ،صدر فیصل آبا دڈائز اینڈ کیمیکلز مرچنٹس ایسوسی ایشن عاطف منیر کے علاوہ ممبران نے کثیر تعداد میں اجلاس میں شرکت کی۔شاہد وسیم نے خام مال کے صنعتی اور کمرشل امپورٹرز کے درمیان تریق کو ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ ٹیکس نظام میں شفافیت لاتے ہوئے خام مال کے صنعتی امپورٹرزاور کمرشل امپورٹرز کے لیے ٹیکسوں کی علیحدہ شرح نہیں ہونی چاہیے بلکہ برابری کی بنیاد پر کاروبار کرنے کے مواقع فراہم کرتے ہوئے خام مال کے صنعتی اور کمرشل امپورٹرز پر ٹیکسوں کی یکساں شرح رکھی جائے تاکہ کمرشل امپورٹرز کو نقصانات سے بچایا جاسکے ۔۔