کراچی( نیٹ نیوز) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر، صدر دانش خان، سینئر نائب صدر فراز الرحمن اور نائب صدر ماہین سلمان نے کہا ہے کہ قومی بجٹ میں صنعتوں اور برآمداتی شعبے کو نظر انداز کیا گیا ہے ، زیرو ریٹڈ سہولت کے خاتمے سے صنعتیں تباہ اور برآمدات کم ہونے کے خدشات ہیں۔ایس ایم منیر کا کہنا تھا کہ صنعتوں کی پیداواری لاگت میں تشویش ناک حد تک اضافہ ہوگا اور برآمدات میں اضافے کا ہدف بھی حاصل نہیں ہوسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ ریفنڈز کی ادائیگی کے لئے ٹھوس اقدامات کرنے کے بجائے حکومت کے چند ماہ پہلے پیش کردہ اصلاحاتی پیکج کا وعدہ دہرا دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گھی، خوردنی تیل، چینی سمیت اشیاء صرف پر عائد ہونیوالے ٹیکس سے ہونے والی مہنگائی سے عوام کی مشکلات میں اضافہ ہوگا۔