اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے جون 2020ء تک بجلی کے صارفین کے بلوں میں ماہانہ اورسہ ماہی فیول ایڈجسٹمنٹس کو موخرکرنے اورجاری مالی سال میں سپیشل سکیورٹی ڈویژن (ایس ایس ڈی) سائوتھ فیز ون کیلئے 11 ارب 48 کروڑ30 لاکھ روپے سمیت 4 ضمنی تکنیکی گرانٹس کی منظوری دیدی ۔ وزارت خزانہ کی جانب سے جمعرات کو جاری تفصیلات کے مطابق اقتصادی رابطہ کمیٹی نے سپیشل سکیورٹی ڈویژن (ایس ایس ڈی) ساوتھ فیز ون کیلئے 11 ہزار483 ملین روپے کی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی ہے ،پبلک سروس کمیشن کیلئے 16 کروڑروپے کی منظوری بھی دیدی ہے ۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پائیدارترقی اہداف پروگرام کیلئے 1700 ملین روپے اورسپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن (ایس سی او) کیلئے 468.212 ملین روپے کے تکنیکی ضمنی گرانٹس کی منظوری بھی دیدی ۔ای سی سی نے جون 2020ء تک بجلی کے صارفین کے بلوں میں ماہانہ اورسہ ماہی فیول ایڈجسٹمنٹس کو موخرکرنے کی بھی منظوری دی۔اقتصادی رابطہ کمیٹی نے 4فریقی گیس پائپ لائن پراجیکٹ کیلئے قیمتوں کے تعین کیلئے کمیٹی کی منظوری بھی دیدی ہے ۔