فیصل آباد(ذیشان خان) بجلی کی تقسیم کارکمپنیوں کی سالانہ دو کروڑ کے قریب یونٹ بجلی ضائع ہونے کا انکشاف ہوا ہے ، ڈسٹری بیوشن مارجن کی مد میں ڈیڑھ کھرب روپے سے زائد رقم سالانہ وصول کرنے کے باوجود تقسیم کارکمپنیاں مالی سال 2017-18 کے دوران نقصان کم نہ کرسکیں۔ذرائع کے مطابق تقسیم کارکمپنیوں میں سب سے زیادہ ڈسٹری بیوشن مارجن کی مد میں لیسکو کو رقم فراہم کی جارہی ہے ،لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو)کے لاسز 11.76 فیصد ہونے کے باوجود اس کومالی سال 2017-18 کے دوران ڈسٹری بیوشن مارجن کی مد میں 29 ارب 52 کروڑ20 لاکھ روپے فراہم کئے گئے ، اسی طرح فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو )کے لاسز 10.24 فیصد ہونے کے باوجود اس کو ڈسٹری بیوشن مارجن کی مد میں 21 ارب 24 کروڑ40 لاکھ روپے ، پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو)کے لاسز 31.95 فیصد ہونے کے باوجود اس کو 19 ارب 17 کروڑ60 لاکھ روپے ،اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو)کے لاسز 8.65 فیصد کے باوجود اس کو 17 ار ب 36 کروڑ90 لاکھ روپے ،گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو)کے 10.03 فیصد ہیں لیکن اس کے باوجود اس کو ڈسٹری بیوشن مارجن کی مد میں 14 ارب 41 کروڑ80 لاکھ روپے ، حیدر آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (حیسکو )کے لاسز 22.59 ہونے کے باوجود اس کو 10 ارب ایک 63کروڑ 90 لاکھ روپے ،سکھر الیکٹرک پاور کمپنی (سیپکو )کے 29.75 فیصد ہونے کے باوجود اس کو7 ارب 78 کروڑ80 لاکھ روپے اورٹرائبل ایریا الیکٹرک سپلائی کمپنی (ٹیسکو )کے لاسز 12.47 فیصد رہے لیکن اس کے باوجود اس کو 2 ارب 28 کروڑ55 لاکھ روپے ڈسٹری بیوشن مارجن کی مد میں ادا کئے گئے ۔ذرائع نے مزید انکشاف کیا کہ ڈسکو ز کی جانب سے کنزیومر اینڈ ٹیرف کے لئے مہیا کئے جانے والے اعدادوشمار میں تحریر کیاگیا ہے کہ ڈسٹری بیوشن مارجن کی مد میں ڈسکو زکو ڈیڑھ کھرب روپے کے قریب کی ضرورت ہے لیکن سال بھر کے دوران دو کروڑ کے قریب یونٹ بجلی لاسز کی مد میں ضائع ہوچکی ہے ۔