لاہور(سٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ ملک میں آٹے کے بحران نے حکمرانوں کی لاعلمی اور نااہلی کا پول کھول دیاہے ۔ جماعت اسلامی مہنگائی ، بے روزگاری کے خلاف تحریک چلائے گی ۔گزشتہ روز گوجرخان میں کارکنوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے عوام پر مہنگائی کے کوڑے برسائے ۔ڈیڑھ سال میں ہر چیز اوپر گئی ، اگر کوئی چیز نیچے آئی تو وہ آمدن ہے ۔ موجودہ حکومت کی نحوست کی وجہ سے ملک سے خیر و برکت اٹھ گئی ۔ مہنگائی ، بے روزگاری اور مایوسی کے اندھیروں نے ملک کو چاروں طرف سے گھیر لیاہے ۔ اناج میں کمی ، آٹا سمیت خوراک کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے نے غریب کی کمر توڑ دی ہے ۔آٹے کے بحران اور مہنگائی نے مزدور کو بستر مرگ پر پہنچا دیا۔ حکومت نے مہنگائی پر قابو پانے کی کوشش نہ کی تو عوام اسے زیادہ دیر برداشت نہیں کرینگے ۔ حکومت ایک طرف حکومت آٹا ، چینی ، گھی ، دالیں اور دیگر اشیائے خوردو نوش کی قیمتوں میں اضافے کو کنٹرول کرنے میں ناکام رہی ہے تو دوسری طرف وزرائعوام کی بے بسی کا مذاق اڑا رہے ہیں ، ان شہزادوں کے دلوں میں غریب کیلئے کوئی درد نہیں۔اقتدار سے پہلے عمران خان کہتے تھے کہ جو حکومت ڈلیور نہ کر رہی ہو اس کو ٹیکس یا بل نہیں دینا چاہئے ، تو کیا آج ان کو دیا جانا جائز ہے ؟ ۔ایک سال میں شوگر ملز مافیا نے 155 ارب روپے اپنی جیبوں میں بھرے ہیں ۔ چینی کی قیمت میں 50 فیصد اضافہ ہوا ۔ آٹے اور گندم کا بحران پیدا ہونے پر تحقیقاتی کمیٹی بنائی اور اس سازش میں ملوث افراد کو سزا دی جائے ۔حکومت کی بدتدبیری نے آٹے کے بحران کو جنم دیا ، دس لاکھ ٹن گندم کو مرغیوں کی خوراک میں شامل کر دیا گیا ۔ کئی لاکھ ٹن گندم باہر بھجوا دی اور ناقص زرعی پالیسیوں کی وجہ سے 20 لاکھ ٹن گندم کی پیدوار میں کمی ہوئی ، اب تو پاکستان کے عوام جھولیاں اٹھا اٹھا کر کہہ رہے ہیں کہ ہمیں پرانا پاکستان ہی لوٹادو ۔ عوام ملک میں نئے کارخانے چاہتے ہیں لیکن حکومت لنگر خانے بنا رہی ہے ۔