لاہور(سٹاف رپورٹر) امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ پاکستان جن مشکل حالات سے گزر رہا ہے ان سے نکلنے کیلئے ہمیں خودانحصاری کے باعزت راستہ کا انتخاب کرنا ہوگا۔اﷲ پر بھروسہ کرنے کی بجائے ہر مشکل کے وقت آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کے پاس جانے کا رویہ بدلنا ہوگا ۔ حکمرانوں نے عالمی مالیاتی اداروں کے سامنے ہاتھ پھیلانے کو وطیرہ بنا کر قومی عزت و وقار کا جنازہ نکال دیا ہے ۔معاشی بحران سے نکلنے کیلئے وسائل کی منصفانہ تقسیم اور سودی معیشت سے تائب ہو کر اسلام کے بابرکت نظام معیشت کو اپنانا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد منصورہ میں اجتماع جمعہ سے خطاب اور جے آئی یوتھ کے صدر زبیر گوندل کی قیادت میں وفد سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سراج الحق نے کہا عالمی مالیاتی ادارے پاکستان کو معاشی غلام بنا کر رکھنا چاہتے ہیں ۔جبتک حکومت عالمی ساہو کاروں کے شکنجے میں پھنسی رہے گی معیشت میں بہتری نہیں آسکتی ۔ عالمی استعمار چاہتا ہے اسلام مسجد تک محدود رہے ،اسی لئے اس نے صوفی اسلام کے نظریے کو پروان چڑھایا ۔ہمارے حکمران بھی اسلام کو اپنے لئے سب سے بڑا خطرہ سمجھتے ہیں۔ اسی لئے وہ علماء اور نظریاتی لوگوں کو اقتدار کے ایوانوں سے باہر رکھنے کیلئے ہر حربہ استعمال کرتے ہیں ۔حکمرانوں نے سیاست کا گالی بنا دیا ہے حالانکہ سیاست انبیاء کا کام اور معاشرے اور انسانیت کی اصلاح کا نام ہے ۔