اسلام آباد(راجہ کاشف،سٹاف رپورٹر)سی ڈی اے انتظامیہ نے بحریہ انکلیو کی جانب سے 510کنال 6مرلے سرکاری اراضی پرقبضہ کے معاملہ پر ''چپ'' سادھ لی ،سی ڈی اے انتظامیہ نے چند روز قبل بحریہ انکلیو کے خلاف ’’آپریشن‘‘کے بہانے مذکورہ نجی ہائوسنگ سوسائٹی کو فائدہ پہنچانے کیلئے ہائوسنگ سوسائٹی کوجانیوالی مرکزی شاہراہ سے تجاوزات ہٹائیں اور یہ کہہ کر آپریشن ملتوی کردیا کہ مذکورہ سوسائٹی انتظامیہ ازخود تجاوزات کو مسمار کر کے قبضہ چھوڑ دے گی۔ ذرائع کے مطابق بحریہ انکلیو کی جانب سے 510کنال6 مرلے سرکاری اراضی پرقبضہ کرکے کمرشل و رہائشی سرگرمیاں جاری ہیں جن کیخلاف سی ڈی اے کسی بھی طرح کی کارروائی کرنے سے قاصرہے ۔ ماضی میں مذکورہ سوسائٹی کے خلاف متعددبار آپریشن اورسرکاری اراضی واگزارکروانے کا ''ڈرامہ ''رچایاگیا مگر تاحال مذکورہ ہائوسنگ سوسائٹی سرکاری اراضی پر نہ صرف قابض ہے بلکہ اس اراضی کو متنازعہ قراردینے کی کوشش کی جارہی ہے ۔چند روزقبل بھی سی ڈی اے انتظامیہ نے مذکورہ سوسائٹی انتظامیہ اوررہائشیوں کو سرکاری اراضی ازخود مسمار کرنے کیلئے نوٹسز جاری کئے اوراسکے بعد سی ڈی اے انتظامیہ نے ایک بڑے آپریشن کا ڈرامہ رچاکرکری سے بحریہ انکلیو کو جانے والی مرکزی شاہراہ پر سے تجاوزات کوختم کردیااور اس حوالے سے جعلی خبریں چلا کر میڈیا کو گمراہ کرنے کی کوشش کی گئی۔ ذرائع کے مطابق مذکورہ سوسائٹی کے خلاف آپریشن کرنے کی بجائے ارد گرد کے دیہی علاقے میں آپریشن کرکے اسے بحریہ انکلیو کے خلاف آپریشن ثابت کرنے کی ناکام کوشش کی گئی ،بعد ازاں مذکورہ سوسائٹی کی صرف مرکزی راہداری کو معمولی سا نقصان پہنچا کرآپریشن کا حصہ بننے والی ٹیمیں یہ کہہ کر واپس آگئیں کہ بحریہ انکلیو انتظامیہ نے ازخود تمام تجاوزات مسمار کرنے کاآغازکردیا ہے تاہم ذرائع کے مطابق تاحال سوسائٹی کی جانب سے سرکاری اراضی پر قبضہ قائم ہے اور سرکاری اراضی پر قائم تجاوزات کو ختم نہیں کیا گیا۔اس حوالے سے ڈائریکٹرانفورسمنٹ فہیم بادشاہ کاکہنا تھا کہ مذکور ہ سوسائٹی کا دوبارہ جائزہ لیاگیانہ ہی کوئی اور نوٹس جاری کیاگیا تاہم بحریہ انکلیو انتظامیہ نے ازخودسی ڈی اے کی اراضی پر قائم تعمیرات کو مسمار کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی، آج ہماری خصوصی ٹیم مذکورہ سوسائٹی کا سروے کرنے جائیگی۔