ا لپوری(نمائندہ92نیوز) کوئٹہ اور خیبر کلا خیل میں کوئلہ کان میں دو مختلف حادثات میں شانگلہ کے 6محنت کش جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا ۔میتیں شانگلہ پہنچا دی گئیں جبکہ زخمی کو پشاور ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ ضلع خیبر کے علاقے کلا خیل کے مائن نمبر43میں گیس بھرنے سے دھماکہ ہوا، چار مزدور گیس سے جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوا، جاں بحق ہونے والوں میں نور الحق ، محمد اقبال ، فضل ربی ، فضل ولد شیرین شامل ہیں ۔ بلوچستان کے علاقے مرواڑ کے مائن میں بھی سلائیڈنگ کی وجہ سے 2 کان کن موقع پر ہی دم توڑ گئے ،متو فیان کو مائن سے نکالا گیا اور ان کی میتیں شانگلہ ڈھیری پہنچادی گئیں ،کوئٹہ کان حادثہ میں جاں بحق ہونے والوں میں حیدر علی اور نیاز مند ساکنان کہو ڈھیری شامل ہیں۔ چھ مزدوروں کی میتوں کو شانگلہ پہنچانے پر کہرام مچ گیا ، ضلع بھر کی فضاء سوگوار رہی ، چار محنت کشوں کو د کانا کے بالائی حصہ گڑدون گانشال جبکہ دو محنت کشوں کو یونین کونسل ڈھیری کے علاقے کہو میں دفنا دیاگیا ۔