پاکستان کی جانب سے مختلف ممالک کو کی گئی برآمدات میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ رواں مالی سال کے ابتدائی سات ماہ میں پاکستان سے سب سے زیادہ برآمدات امریکہ کو کی گئیں جبکہ دوسرے نمبر پر برطانیہ اور تیسرے نمبر پر چین رہے جس کے نتیجہ میں پاکستان نے امریکہ سے 2363.579 اور برطانیہ سے 1038.963 ملین ڈالر کا زرمبادلہ کمایا۔ حقیقت یہ ہے کہ ایک طویل عرصہ کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ ملکی برآمدات کے حوالے سے کوئی خوش کن خبر سننے کو ملی ہے ورنہ سابق حکومتی ادوار میں برآمدات کے حوالے سے ہمارے انڈیکس اور اشاریئے انتہائی مایوس کن رہے جس کا اظہار سٹیٹ بینک کی ہر سہ ماہی رپورٹ سے ہو جاتا تھا۔ اس وقت پاکستانی معیشت کو سنبھالا دینے کے لیے جس شعبے پر سب سے زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے وہ برآمدی تجارت ہے۔ ملکی معیشت کا موجودہ رجحان جس کا اظہار صرف سات ماہ میں ہی ہوگیا ہے برقرار رہا تو ہمارے بہت سے معاشی دلدر دور ہو سکتے ہیں اس لیے کوشش جاری رکھنی چاہئے۔ ہمیں چاہیے کہ درآمدات کو کم سے کم کریں اور برآمدات کو بڑھائیں، اس میں یہ پہلو بھی پیش نظر رکھا جائے کہ ایسی معاشی پالیسیاں تشکیل دی جائیں جن سے مقامی تاجروں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات حاصل ہوں تاکہ وہ مصنوعات کی پیداوار بڑھانے پر توجہ دیں اورہم برآمدات میں اضافہ سے کثیر زرمبادلہ حاصل کرسکیں۔