اسلام آباد (این این آئی، صباح نیوز) مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف شاہد خاقان عباسی کے گھر پہنچے اور ان کے اہلخانہ سے ملاقات کی ۔ شہباز شریف نے کہا پارٹی قیادت، کارکن اور عوام شاہد خاقان کے جذبے اور قربانی کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ، بہادری، سچائی، ایمانداری اور اہلیت کا دوسرا نام شاہد خاقان عباسی ہے ، انہوںنے اصولوں پر سمجھوتہ کرنے اور جھکنے کے بجائے جیل جانے کو ترجیح دی ، سابق وزیراعظم نے نظریئے ، پارٹی وفاداری اور پرخلوص عوامی خدمت کی قابل فخر مثال قائم کی۔صباحنیوز کے مطابق خورشید شاہ نے شہباز شریف سے ان کے چیمبر میں ملاقات کی ۔ دونوں رہنمائوں نے زیر حراست ارکان اسمبلی کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ کیے جانے پر اظہارتشویش کیا ۔قومی اسمبلی اجلاس میں احتجاج اور حکومتی پالیسیوں پر تنقید کی مشترکہ حکمت عملی پر بھی غور کیا گیا۔