کوئٹہ(صباح نیوز)جمعیت علما اسلام پاکستان کے سینئر رہنما حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کے 26 مارچ کے مارچ کوبھی ماضی کے آزادی مارچ کی طرح رینٹل مارچ بنانے کی مکمل منصوبہ بندی کی گئی ہے ۔ جامعہ نعمانیہ کوئٹہ میں تحفظ دینی مدارس کانفرنس اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے 26مارچ کا ایجنڈابھی آزادی مارچ کی طرح شریف خاندان کو لندن میں بظاہر ایک نیا میڈیکل ڈرامہ رچانے کا موقع فراہم کرانا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مدارس کے طلبا اور علما کرام ختم نبوت ناموس رسالت ﷺ،مساجد و مدارس کے تحفظ کیلئے اپنے تن من دھن کی بازی لگائیں گے لیکن کسی کی کرپشن اور بدعنوانی کیلئے وکیل صفائی نہیں بن سکتے ۔ حافظ حسین احمد نے کہا کہ ماضی میں ایسی ہی صورتحال میں پیسہ پھینک تماشہ دیکھ کے موثر فارمولے کو استعمال کیا گیا اور اب دوبارہ رینٹل مارچ کا بجٹ طے کردیا گیا ہے ۔