لاہور( این این آئی )وفاقی وزیر برائے سائنس وٹیکنالوجی فوادچودھری نے کہاہے کہ حکومت بدعنوانی اور منی لانڈرنگ میں ملوث عناصر کے ساتھ کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔نجی ٹی وی سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے مسلم لیگ (ن)کے رہنمائوں کی طرف سے بیک ڈورچینل استعمال کرکے سیاسی ریلیف حاصل کرنے پر شدید تنقیدکی ۔فوادچودھری نے کہاکہ شریف خاندان موجودہ سیاسی صورتحال اورمقدمات سے بچنے کا راستہ حاصل کرنے کی کوشش کررہاہے ۔انہوں نے مسلم لیگ(ن) کے رہنمائوں کی عسکری قیادت سے ملاقاتوں پرتبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ مسلم لیگ (ن)کے رہنمائوں کومناسب فورم پراپنے مسائل حل کرنے کے لئے بات کرنی چاہئے ۔