اسلام آباد(این این آئی) چیئرمین نیب جسٹس (ر)جاوید اقبال نے کہا ہے بدعنوانی تمام برائیوں کی جڑ ہے ،وائٹ کالر کرائم کے میگا کرپشن مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے ہماری انسداد بدعنوانی کی حکمت عملی انتہائی موثر اورکامیاب رہی جس کا اعتراف معتبر ملکی اور بین الاقوامی اداروں نے کیا۔بیان میں ان کا کہنا تھا نیب احتساب سب کیلئے کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے بدعنوانی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے پرعزم ہے ۔ نیب نے 179 میگا کرپشن مقدمات میں سے 93 بدعنوانی کے ریفرنس احتساب عدالتوں میں دائر کئے ،66 ریفرنسز کو قانون کے مطابق نمٹا دیا گیا،اس وقت 179 میگا کرپشن مقدمات میں سے دس انکوائریاں اور دس انسوسٹی گیشنز کے مراحل میں ہیں۔اس وقت احتساب عدالتوں میں نیب کے 1278بدعنوانی کے ریفرنسز زیرسماعت ہیں جن کی کل مالیت تقریبا1305ارب روپے سے زائد ہے ۔ نیب نے اپنے قیام سے اب تک بالواسطہ اور بلاواسطہ 819ارب روپے برآمد کئے جو ہماری ایک اور بڑی کامیابی ہے ، نیب کی دیگر اینٹی کرپشن تنظیموں کے مقابلے میں مجموعی طور پر سزا کی شرح 66 فیصد ہے ۔