بدین، ایبٹ آباد ، شرقپور ، شیخوپورہ، قصور (نمائندگان 92 نیوز، ڈسٹرکٹ رپورٹرز ) بدین میں تیز رفتاری کے باعث ایک کار کھائی میں جاگری جس کے باعث 6 افراد جاں بحق ہوگئے ، راجو خانانی روڈ پر تیز رفتار کار کھائی میں گری، مرنیوالوں میں تین خواتین اور دو بچیاں بھی شامل ہیں، حادثہ چنگ چی رکشا کو بچاتے ہوئے پیش آیا اور تیز رفتار کار روڈ کے ساتھ بھری ہوئی پانی کی کھائی میں گری ۔ ایبٹ آباد میں حویلیاں کے قریب رائیونڈ اجتماع سے واپس آنے والے افراد کی گاڑی کو حادثہ پیش آگیا اور حادثہ میں 3 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے ، اعظم آباد کے مقام پر تیزرفتار ٹرک نے وین کو ٹکر مار دی، تمام جاں بحق اور زخمیوں کا تعلق ایبٹ آباد کے علاقے ملک پورہ سے ہے اور وہ سب اجتماع سے واپس ایبٹ آباد آ رہے تھے ، ٹر ک ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ۔ شیخوپورہ میں میں 3 افراد حادثات کی نذر ہوگئے ، کھٹیالہ ورکاں کے قریب مریدکے روڈ پر ایک موٹر سائیکل تیز رفتاری کے باعث نالے میں جاگری جس سے میاں بیوی جاں بحق ہوگئے ، جی ٹی روڈ فیروزوالہ کے قریب ایک تیز رفتار کار نے ایک راہگیر کو کچل کر ہلا ک کردیا، قصور میں ٹریفک حادثات میں 2 افراد جاں بحق ہوئے ، قصور رائیونڈ کوٹ رادھا کیشن روڈ پر موٹر سائیکل سوار سبحان شریف اورا کرم اپنے گاؤں کی جانب جا رہے تھے نامعلوم تیز رفتار گاڑی نے ٹکر دے ماری ، محمد اکرم موقع پر چل بسا ، ببر کھائی اڈہ کے قریب تیز رفتار کار ڈرائیور نے بھاگیوال کے رہائشی ستر سالہ محمد حسین کو ٹکر مار کر ہلاک کر دیا۔ شرقپور شریف میں رکشہ کی موٹر سائیکل کو ٹکر سے نوجوان جاں بحق اور ایک مسافر زخمی ہوگیا، لاہور روڈ پر ہیڈ لائٹ خراب ہونے کی وجہ سے رکشہ موٹر سائیکل میں ٹکرایا۔