فیصل آباد(سٹی رپورٹر)وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے ریلوے میاں فرخ حبیب کا کہنا ہے کہ براڈ شیٹ پر اپوزیشن کی فراڈ شیٹ بن چکی ہے اس میں آصف زرداری، نوازشریف اور شہبازشریف سمیت سب کا نام آئے گا، فضل الرحمٰن کی ساری جماعت ہی فارن فنڈنگ پر بنی اب انہیں بھاگنے نہیں دیں گے ۔ فیصل آباد میں پریس کانفرنس کر تے ہوئے میاں فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے بیان کے بعد پوری پی ڈی ایم چھپ کر بیٹھ گئی ہے ، تمام جماعتوں کو چیلنج کرتا ہوں اپنا ریکارڈ دیں جیسے ہم نے چالیس ہزار لوگوں کا ریکارڈ دیا ہے ، پاکستان کی بڑی لیڈر شپ اس بات کی گواہ ہے کہ مسلم لیگ ن کو کہاں کہاں سے فنڈنگ آتی رہی۔مریم بی بی وہ ذرائع بتائیں جہاں سے کروڑوں کی فنڈنگ ہوئی، مریم بی بی ایک بھی رسید لے کر الیکشن کمیشن نہیں آ سکیں، میاں فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ مریم بی بی جھوٹی ثابت ہوئی ہیں وہ یہ مان چکی ہیں کہ سجن جندال ان کا فیملی فرینڈ ہے ، اکبر ایس بابر 80 سماعتوں کے بعد سکروٹنی کمیٹی سے بھاگ گیا، بلاول بھٹو کو مشورہ ہے کہ وہ پہلے اپنی والدہ کی کتاب پڑھیں پھر بات کریں۔ انہوں نے کہا کہ فضل الرحمٰن کی جے یو آئی ف ساری جماعت ہی فارن فنڈنگ پر بنی، مولانا نے اپنے بھائی کو ڈپٹی کمشنر کیسے لگایا ہمیں اس کا بھی علم ہے ، اب انہیں حقیقت سے بھاگنے نہیں دیں گے ۔