ریو ڈی جنیرو(سپورٹس ڈیسک)برازیل کے مشہور فٹبال سٹیڈیم ماراکانا کو ہسپتال میں تبدیل کر دیا گیا جہاں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کو رکھا جائے گا ۔ قرنطینہ بنائے جانے والے اس سٹیڈیم کو مریضوں کیلئے وقف کرنے کا فیصلہ ریو ڈی جنیرو کے گورنر ولسن وٹزل نے کیا تھا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ولسن نے کہا کہ سٹیڈیم کو 15 دن کیلئے بند کیا جا رہا ہے اور اس میں موجود کمروں کو عارضی طور پر استعمال کیا جائے گا جہاں مریضوں کی نگہداشت کی جا سکے گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے خطرے کے پیش نظر ریو ڈی جنیرو میں تین مزید ہسپتال تعمیر کئے جا رہے ہیں ۔