لاہور(کلچرل رپورٹر) لاہور کے مقامی ہوٹل میں سجنے والا تین روزہ برائیڈل فیشن ویک اپنی تمام تر رنگینیوں کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا، اداکارہ ریما خان سمیت شوبز ستاروں نے ریمپ پر جلوے بکھیرے ، ملک بھر سے تعلق رکھنے والے 50سے زیادہ مرد و خواتین ماڈلز نے کیٹ واک کی۔ سولہویں ایڈیشن میں بھی برائیڈل کیٹورویک کے انتہائی شاندار سٹیج نے دیکھنے والوں کو اپنے سحر میں جکڑ لیا۔ایمن خان اور منیب بٹ نے عائشہ سعدیہ ڈیزائن ہائوس کے شو اسٹاپرز زیب تن کئے جبکہ فائقہ کریم کے لئے نئے ریلیز ہونے والی فلم پنکی میم صاحب کی کاسٹ کرن ملک اور ہاجرہ یامین نے کیٹ واک کی۔ اداکار فیصل قریشی نے ریٹیل برانڈ رائل ٹیگ کا شو اسٹاپر پیش کیا جبکہ سوپر اسٹار صبا قمر اور سوشل میڈیا کی معروف جوڑی زید علی ٹی اور یمنی علی ٹی نے برائیڈل ڈیزائنر عمشا بائے عظمی بابرکے شو اسٹاپرز زیب تن کئے ۔ اداکارہ عروہ حسین نے ایورتھین بائے سمرکے لئے کیٹ واک کی جبکہ حرا مانی نے ڈیزائنر حارث شکیل کا شو اسٹاپر پیش کیا۔فیشن ویک میں ہانیہ عامر، صبا قمر سمیت دیگر ماڈلز و ادکاروں نے شرکت کی۔ فیشن ویک کو ماضی کی سپر ماڈل ونیزا احمد نے ڈائریکٹ کیا۔