لاہور(92نیوزرپورٹ، سپورٹس رپورٹر) بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر ساروگنگولی پاکستان دشمنی میں اندھے ہوگئے ۔ ایشین کرکٹ کونسل کے فیصلے سے قبل ہی ایشیا کپ کی منسوخی کا اعلان کردیا۔ ذرائع کے مطابق داداکے نام سے مشہور سابق بھارتی کپتان شاید پاکستان دشمنی کو اپنا فرض سمجھتے ہیں۔ انہوں نے ایشین کرکٹ کونسل کے فیصلے سے قبل ہی رواں سال ایشیا کپ نہ ہونے کا دعویٰ کردیا۔ پاکستان دشمنی کی بڑی وجہ شاید سابق قومی فاسٹ بائولر شعیب اخترکے وہ بانسر تھے جب وہ پسلیوں پر ہاتھ رکھ کر کریز پر لیٹ کر دیر تک کراہتے رہے ۔ کرکٹ مبصرین کے مطابق شعیب اختر کے اس بائونسر نے گنگولی کی دادا گیری ختم کردی تھی۔یہ دکھ شاید گنگولی عمر بھر نہ بھول سکیں اوربدلے میں کھیل کو تباہ کرتے رہیں گے ۔دوسری طرف پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان نے کہا کہ انہیں ابھی ایشین کرکٹ کونسل کی طرف ایشیا کپ کی منسوخی کی اطلاع نہیں ملی بھارتی بورڈ کے صدر کا دعویٰ مسترد کرتے ہیں۔یاد رہے کہ پاکستان نے رواں سال ستمبر میں ایشیا کپ کی میزبانی کرنا تھی تاہم کورونا کی وجہ سے پی سی بی نے یہ ایونٹ کرانے کے لئے سری لنکا کومشروط پیش کش کر رکھی ہے ۔پی سی بی نے اے سی سی کے اجلاس میں پیشکش کی تھی کہ سری لنکا میں کرکٹ سرگرمیاں ایس او پیز کے تحت بحال ہوچکی ہے ، موجودہ حالات میں سری لنکا موزوں ترین مقام ہے ۔