نئی دہلی (این این آئی )بھارت میں حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی دوسری بار اقتدار میں ایک برس مکمل ہونے پر جہاں جشن منا رہی ہے ، وہیں اپوزیشن جماعت کانگریس نے مودی کی خود پرست اور مغرورحکومت پر شدید تنقید کی ہے اوراسے بے حس حکومت سے تعبیر کیا ہے ۔بھارت میں حزب اختلاف کے کئی رہنماؤں نے کورونا وائرس کے بحران کے تناظر میں پھیلی بدنظمی کے حوالے سے مودی حکومت پر شدید نکتہ چینی کی ۔ کانگریس پارٹی نے بی جے پی کے جشن کے حوالے سے اپنے ایک بیان کا عنوان ’’مجبور عوام اور بے حس حکومت‘‘ رکھا ، پارٹی نے اس ایک برس کومایوسی، تباہ کن بدنظمی، اور شیطانی درد سے تعبیر کیا ،پارٹی نے مزید لکھا کہ مودی کے اقتدار کے ساتویں برس کے آغاز پر بھارت ایک ایسے موڑ پر کھڑا ہے جہاں حکومت کے گناہوں کے بوجھ سے عوام تھک چکے ہیں، حکومت کی سخت بے حسی اور نہ اہلی عیاں ہے ۔کانگریس کا کہنا تھا کہ مودی کی حکومت نے دو کروڑ سے زیادہ ملازمتیں دینے کا وعدہ کیا تھا تاہم بھارت میں اس وقت بے روزگاری کی شرح 27 فیصد سے بھی زیادہ ہے جو آزادی کے بعد ایک نیاریکارڈ ہے ۔