نئی دہلی(این این آئی،نیٹ نیوز) انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں ایمنسٹی انٹرنیشنل اور ہیومن رائٹس واچ نے بھارت پر کورونا کے پیش نظر لاک ڈاؤن کے دوران ضبط و تحمل سے کام لینے پر زوردیتے ہوئے کہاہے کہ ریاستی مشینری کورونا کی وباسے کہیں بڑا خطرہ بن چکی ہے ۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل انڈیا کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اویناش کمار اور ہیومن رائٹس واچ ایشیاء کی ڈائریکٹر میناکشی گنگولی نے اپنے بیانات میں مزید کہا کہ بھارتی حکومت کو وبا سے نمٹنے کیلئے طاقت کے وحشیانہ استعمال کی بجائے عوام دوست اقدامات کرنے چاہئیں۔ بھارتی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے لوگوں کو مہلک وبا سے بچائے تاہم اس دوران انسانی حقوق کا خاص خیال رکھا جاناچاہئے ۔ سوشل میڈیا پر موجود متعدد ویڈیوز اور فوٹوز میں بھارتی پولیس کو لاک ڈائون کے دوران اشیائے ضروریہ لینے کی غرض سے گھر سے باہر نکلنے والے افراد پر تشدد کرتے ہوئے دیکھاگیا ہے ۔مغربی بنگال میں پولیس نے ایک 32سالہ شہری کو تشدد کر کے ہلاک کردیا جو گھر سے دودھ لینے نکلا تھا ۔ علاوہ ازیں بھارت میں کورونا وائرس کے ممکنہ بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر حکام نے ٹرینوں کی کوچز کو آئسولیشن وارڈ زبنانے کا فیصلہ کیا ہے ۔