لنڈی کوتل (نمائندہ 92نیوز) پاک افغان طورخم سرحد پر چینی سے بھری 150گاڑیاں افغانستان جانے سے روک دی گئیں، پاک افغان بار ڈر طورخم پر چینی سے بھری 150گاڑیوں کو کسٹم حکام نے افغانستان جانے کیلئے کلیئر کرنے سے انکار کیا جس کے باعث گاڑیاں طورخم میں کھڑ ی ہو گئیں، کسٹمز حکام نے کہا کہ موجودہ حکومت نے چینی کی برآمد پر پابند ی لگا دی، اس لئے چینی کی گاڑیوں کو کلیئر نہیں کیا جاسکتا،۔دوسری جانب طورخم کے تاجروں نے کہا کہ یہ ہمارے ساتھ زیادتی ہے کہ اتنے بڑے اقدام اور فیصلہ سے ہمیں آگاہ نہیں کیا گیا، اگر اس فیصلہ سے ہمیں آگاہ کیا جا تا تو ہم گاڑیاں لوڈ نہ کراتے ،چینی کے تاجر کفایت نے کہا کہ کسٹم کے اس غیر متوقع فیصلہ کی وجہ سے پچھلے ایک ہفتہ سے ان کی چینی کے 60گاڑیاں طورخم میں پھنس کر رہ گئی ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ سٹیٹ بینک کی منظوری اور چینی کی قیمت کی ادائیگی کے باوجود بھی کسٹم حکام نے ان کی گاڑیوں کو کلیئر کرنے سے انکار کیا جو ہمارے ساتھ ظلم ہے ، انہوں نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے پاک افغان تجارت کو نقصان ہوگا اور افغان تاجر برازیل ،انڈیا اور دیگر ممالک سے رجوع کر یں گے ۔