لندن(بیورورپورٹ ،مانیٹرنگ ڈیسک) برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کی طبعیت مزید خراب ہوگئی جس کے بعد انہیں آئی سی یو میں منتقل کردیاگیاہے ۔ برطانوی میڈیا کے مطابق وزیراعظم بورس جانسن کی حالت تشویشناک ہے ،انہیں سانس لینے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ،بورس جانسن لندن کے سینٹ تھامس ہسپتال میں زیرعلاج ہیں ۔لندن میں بیوروچیف 92نیوز غلام حسین اعوان نے بتایا کہ انہیں سانس لینے میں دشواری پیش آرہی ہے ، شام چھ بجے کے بعد برطانوی وزیراعظم کی حالت خراب ہوئی ، ماہرڈاکٹروں کی ٹیم ان کا علاج کررہی ہے ، اس سے پہلے بورس جانسن نے وزیر خارجہ ڈومینک راب کو بلایا اورانہیں حکومتی امورچلانے کی ذمہ داری سونپی۔دریں اثنا برطانوی وزیراعظم کی حالت تشویشناک ہونے کی خبر پر پائونڈ کی قیمت میں زبردست کمی ہو گئی، ڈالر کے مقابلے میں پائونڈ0.3 اور یورو کے مقابلے میں 0.1فیصد گر گیا ۔