اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) برطانوی شاہی جوڑا شہزادہ ولیم اور انکی اہلیہ کیٹ مڈلٹن کل پاکستان پہنچے گا جہاں پر ان کاریڈ کارپٹ استقبال ہوگا۔ برطانوی ولی عہد شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن 14 اکتوبر کی شب ساڑھے 9 بجے پاکستان پہنچیں گے ۔ذرائع کے مطابق شاہی جوڑا بچوں کے بغیر پاکستان کا دورہ کریگا۔ انکے ساتھ محافظ، طبی ماہرین اور 40 سے زائد صحافی پاکستان پہنچیں گے ۔ذرائع کے مطابق برطانوی شاہی جوڑا نور خان ایئر بیس پہنچے گا ۔ وفاقی وزیر، دفتر خارجہ اور برطانوی ہائی کمیشن کے حکام جوڑے کا استقبال کریں گے ۔ ایئر بیس پر برطانوی شاہی جوڑے کو گارڈآف آنر پیش کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق15 اکتوبر کو شاہی جوڑے کی صدر اور وزیر اعظم سے ملاقاتیں ہوں گی، بعد ازاں شاہی جوڑا سیکٹر ایف 7 میں خواتین کالج کا دورہ کریگا۔ منگل کو ہی شاہی جوڑا غیر سرکاری تنظیم کے توسط سے عوام سے ملاقاتیں کریگا۔ بدھ کے روز شاہی جوڑا لاہور روانہ ہوگا۔ لاہور میں جوڑا ایس او ایس ولیج، ایچی سن کالج اور شوکت خانم ہسپتال کا دورہ کرے گا۔ شاہی جوڑے کا بدھ کو بادشاہی مسجد اور مینار پاکستان جانے کا امکان بھی ہے ۔جمعرات کو شہزادہ اور شہزادی چترال روانہ ہونگے ۔ 18 اکتوبر کو انکے فیصل مسجد کے دورے کا بھی امکان ہے ۔ برطانوی شاہی جوڑا 18 اکتوبرکی دوپہر نور خان ایئر بیس سے وطن واپس روانہ ہو جائے گا۔