لاہور(نمائندہ خصوصی سے ،خصوصی نمائندہ، کرائم رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) گورنرپنجاب سے برطانوی وزیر داخلہ نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امورپرتبادلہ خیال کیا گیا۔گورنر پنجاب چودھری سرور نے برطانوی وزیر داخلہ ساجد جاوید سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی عظیم قربانیوں کااعتراف کرے ۔دہشتگردی کاناسورعالمی برادری کیلئے ایک چیلنج کی حیثیت رکھتاہے ۔اس موقع پر برطانوی وزیر داخلہ ساجدجاوید نے کہا کہ برطانیہ پاکستان کومضبوط اورمستحکم دیکھناچاہتاہے ۔بعدازاں برطانوی وزیر داخلہ ساجد جاوید نے گورنر کے ہمراہ تاریخی عالمگیری بادشاہی مسجد اور شاہی قلعہ لاہور کا دورہ کیا اور اس کو شاہکار قرار دے دیا۔انہوں نے مغلیہ دور کے فن تعمیر کو خوب سراہا۔ برطانوی وزیر داخلہ نے شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے مزار پر بھی حاضری دی ۔ پھولوں کی چادر چڑھائی اور مہمانوں کی کتاب میں تاثرات درج کئے ۔ خطیب بادشاہی مسجد مولانا سید عبد الخبیر آزاد نے دعا کروائی ۔دریں اثناء برطانوی وزیرداخلہ اور ہائی کمشنر نے فرانزک ایجنسی کا دورہ کیا۔ڈی جی فرانزک ایجنسی ڈاکٹر اشرف کی جانب سے استقبال کیا گیا۔برطانوی حکام کی جانب سے سی ٹی ڈی کے افسران کو ٹریننگ بھی دی گئی تھی،ڈی جی فرانزک لیب کی جانب سے برطانوی وزیرداخلہ کو شیلڈ پیش کی گئی۔