لندن(نیٹ نیوز،صباح نیوز) اسلامو فوبیا برطانیہ بھی پہنچ گیا، برمنگھم میں رات گئے نامعلوم افراد نے 4مساجد پرہتھوڑے سے حملہ کیا اور شیشے اور کھڑکیاں توڑ کر فرارہو گئے ۔برطانوی میڈیا کے مطابق چاروں مساجد کی 7کھڑکیوں کے شیشوں اور 2دروازوں کو نقصان پہنچا ، مساجد پر حملے کے بعد مقامی مسلمانوں میں خوف وہراس پھیل گیا ، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی برطانوی پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ فارنزک ایکسپرٹس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کئے جبکہ پولیس نے قریبی کیمروں کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر کے تحقیقات کا آغازکردیا ۔برطانوی پولیس کے محکمہ انسداد دہشتگردی نے بھی حملوں کی تحقیقات شروع کردیں اور تمام پہلوں سے جائزہ لیا جارہا ہے ۔چیف کانسٹیبل ڈیوتھامسن نے کہا سانحہ کرائسٹ چرچ کے بعد سے ہمارے افسران مساجد، گرجا گھروں اور دوسری تمام عبادت گاہوں کا تحفظ یقینی بنانے کیلیے کام کررہے ہیں۔حملوں کے محرکات ابھی واضح نہیں تاہم بظاہر سارے حملے ایک ہی سلسلے کی کڑی دکھائی دے رہے ہیں، پولیس اور انسداد دہشتگردی کا ادارہ مشترکہ طور پر ذمہ داروں کو تلاش کر رہے ہیں۔پولیس کو ایک مسجد کی عمارت کو نقصان پہنچنے کی پہلی اطلاع مقامی وقت کے مطابق صبح دو بج کر بتیس منٹ پر جبکہ بیالیس منٹ بعد دوسری مسجد سے بھی ایسی اطلاعات ملیں۔ صبح دس بجے پانچویں مسجد کی عمارت کو نقصان پہنچانے کی رپورٹ ملی۔برمنگھم شہر کے کونسلر ماجد محمود نے ایک مسجد کی عمارت کو پہنچنے والے نقصان کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اپنی ٹویٹ میں لکھا کرائسٹ چرچ میں دہشتگرد حملے کے بعد برطانوی مسلمان خوف کا شکار ہیں۔