لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراطلاعات خیبر پختونخوا شوکت یوسفزئی نے کہاہے کہ برطرف کئے گئے وزرا کابینہ کے فیصلوں کو نہیں مانتے تھے اور کافی عرصے سے گروپنگ ہورہی تھی،وزیراعظم نے کئی بار سمجھایا، جب یہ نہیں مانے تو فیصلہ تو کرنا تھا ۔چینل92نیوزکے پروگرام’’نائٹ ایڈیشن ‘‘ میں میزبان شازیہ اکرم سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ یہ لوگ باربار پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کرتے رہے ۔ گروپ ایڈیٹر 92نیوز ارشاد احمد عارف نے کہا کہ پنجاب میں عثمان بزدارکو عمران خان کی حمایت حاصل ہے ۔ عمران خان میڈیا کے کندھوں پر سوارہوکر اقتدار میں آئے لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ میڈیا کا ایک حصہ ہر وقت حکومت کوگرا کر سوتا ہے اوریہ تاثر عثمان بزدار کے بارے میں دیا جاتا ہے کہ آج گیا کل گیا،یہ میڈیا کا کام نہیں ۔عثمان بزدار کا کوئی ایسا دھڑانہیں جس کے بارے میں کہا جائے کہ وہ اس کو نوازرہے ہیں۔سینئر صحافی سلیم صافی نے کہا کہ پرویز خٹک کے دورمیں عمران خان نے عاطف خان کو بتایا تھاکہ اگلے وزیراعلیٰ وہ ہونگے ،جب ا لیکشن ہوا تو پرویز خٹک نے کہہ دیا کہ اگر مجھے دوبارہ وزیراعلیٰ نہیں بنایاجارہاتو عاطف خا ن کو بھی نہ بنایاجائے جس پرمحمود خان کی لاٹری نکل آئی۔عمران خان نے فیصلہ کرکے پنجاب میں بھی واضح پیغام دیا ۔ سابق سیکرٹری الیکشن کمیشن کنور دلشاد نے کہاکہ عمران خان نے تو یہ کہا تھاکہ فارن فنڈنگ کیس میں کچھ نہیں سب شواہد دے دیئے ہیں۔ سمجھ نہیں آرہی کہ اب عمران نے کس بنیاد پر الیکشن کمیشن کے اختیار کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا ہے ، یہ کوئی عقل والی بات نہیں ۔بیوروچیف اسلام آباد سہیل اقبال بھٹی نے بتایاکہ پی ٹی آئی کی حکومت 50لاکھ گھروں کی تعمیرکا منصوبہ شروع کرنے جارہی ہے جس کی مالیت 15 ارب ڈالر سے زائد ہوگی۔