بیجنگ(نیٹ نیوز)چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ہانگ کانگ میں نیشنل سکیورٹی بل کے معاملے میں امریکہ پر اقوام متحدہ کو یرغمال بنانے کا الزام عائدکرتے ہوئے کہا ہے کہ واشنگٹن بے ہودہ سیاسی جوڑ توڑ کو فوری بند کرے ۔خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق بیجنگ نے مغربی ممالک کو خبردار کیا کہ برطانیہ اور امریکہ ہانگ کانگ کے معاملے پر مداخلت سے باز رہیں۔واضح رہے امریکہ، برطانیہ، کینیڈا اور آسٹریلیا نے نیشنل سکیورٹی بل پر کڑی تنقید کی ہے جس کے تحت چین کی سکیورٹی ایجنسیاں ہانگ کانگ میں کھلے عام کارروائیاں کرسکیں گی۔چاروں ممالک کی جانب سے جاری مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا تھا کہ بیجنگ کا نیشنل سکیورٹی کا قانون ہانگ کانگ میں آزادی کی ضمانت کیلئے چین کی بین الاقوامی ذمہ داریوں کے ساتھ براہ راست متصادم ہے ۔اس ضمن میں بیجنگ نے کہا کہ اس نے چاروں ممالک کے خلاف باضابطہ احتجاج درج کرایا ہے ۔وزارت خارجہ کے ترجمان ژاؤ لیجیان نے کہا کہ چین امریکہ کو محض اپنے مقاصد کی تکمیل کیلئے اقوام متحدہ کو یرغمال بنانے کی اجازت نہیں دے گا۔