ملتان(جنرل رپورٹر) ایف آ ئی اے ملتان نے منی لانڈرنگ میں ملوث بڑے نیٹ ورک کا پتہ چلا لیا۔گزشتہ روز قادر پور راں ناکہ پر ایک کار میں سوار افراد کو روک کر ان سے امریکی ڈالر برآمد کر لیے ۔جبکہ دھندے میں ملوث 3 افراد کو حراست میں لے لیا۔معلوم ہوا ہے کہ ایف آئی اے انسپکٹر خالد نے اپنی ٹیم کے ہمراہ مخبر کی اطلاع پر قادر پورراں ناکہ پر ایک کار کو روکا اور تلاشی لی،تو کار سے 32 ہزار 500 امریکی ڈالر برآمد ہوئے ،جو کہ پاکستانی 45 لاکھ بنتے ہیں۔ملزمان کے نام محمد عرفان،محمد امین، اور نعیم بتائے جاتے ہیں۔ان سے 1 لاکھ پاکستانی روپے بھی برآمد ہوئے ،ملزمان کو ایف آئی اے نے تحویل میں لے لیا،واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل ایف آئی اے نے اسی ناکہ پر ایک کار کو روک کر 5 کروڑ 50 لاکھ روپے برآمد کئے تھے ،ذرائع کے مطابق منی لانڈرنگ کی رقم ایک منظم گینگ لاہور سے کراچی مختلف اوقات میں پہنچارہا ہے جو کہ یہی راستہ اختیار کرتے ہیں۔ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کر کے ایف آئی اے حوالات منتقل کردیاگیا ہے ۔