لندن،ینگون(اے ایف پی،این این آئی) برطانیہ نے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے الزام پر میانمار کے آرمی چیف من آنگ ہالینگ سمیت 6 جرنیلوں پر نئی پابندیاں عائد کر دی ہیں۔دوسری طرف سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک کے عہدیداران نے میانمار کی فوج کے فیس بک اکانٹس پر پابندی لگا دی۔ برطانوی وزیر خارجہ ڈومینک راب نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ ایک واضح پیغام ہے کہ جو افراد انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث ہونگے انہیں کٹہرے میں لایا جائیگا۔دنیا کے 31 ممالک کی تقریباً 140 انسانی حقوق کی تنظیموں اور این جی اوز نے سکیورٹی کونسل سے مطالبہ کیا ہے کہ میانمار کی فوج پر فوری طور پر اسلحہ کی پابندیاں عائد کی جائیں تاکہ فوج کو طاقت کے مزید استعمال سے روکا جا سکے ۔ فیس بک ترجمان کا کہنا ہے کہ فوج کو فیس بک اور انسٹاگرام کے استعمال کی اجازت دینا خطرناک ہے ۔میڈیارپورٹس کے مطابق ترجمان فیس بک نے بتایاکہ میانمار میں فوجی بغاوت اور پر تشدد واقعات بڑھنے پر ملٹری اکاونٹس بند کئے گئے ۔فیس بک کے ترجمان کا کہنا تھا کہ میانمار کی فوج کو فیس بک اور انسٹاگرام کے استعمال کی اجازت دینا بہت خطرناک ہے ۔واضح رہے کہ میانمار میں فوجی بغاوت کیخلاف احتجاج کرنے والوں کی گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے ، اور زیر حراست افراد کی تعداد 570 تک جا پہنچی ہے ۔