فیصل آباد(خصوصی رپورٹر) مقد مات کی بر وقت اور تیز ترین سماعت کیلئے ملک بھر میں مزید نئی ماڈل کو رٹس قائم کر نے کا فیصلہ کیا گیا ہے ،چیف جسٹس آف پاکستان نے تمام ہائیکورٹس کے چیف جسٹس کو تین روز میں نئی ماڈل کورٹس قائم کرنے کی ہدایت کردی ۔ ہر ڈویژنل ہیڈ کوارٹر پر مزید ایک نئی ماڈل کورٹ قائم کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ ڈویژنل سطح پر قائم ہونے والی ماڈل کورٹس قتل اور منشیات کے مقدمات کی سماعت کریں گی، ہر ضلع میں دیوانی اپیلوں اور فوجداری مقدمات کی سماعت کیلئے بھی مزید ماڈل کورٹس بنیں گی۔ملک بھر میں ابتدائی طور پر ماڈل کورٹس نے یکم اپریل 2019 میں اپنے کام کا آغاز کیا، اب تک پاکستان کی 373 ماڈل کورٹس 36 ہزار 881 مقدمات کے فیصلے کرچکی ہیں جبکہ 98 ہزار 647 گواہان کے بیانات قلمبند کیے گئے ہیں۔ نئی عدالتوں کے قیام کے بعد اس کی رپورٹ چیف جسٹس کو پیش کی جائے گی۔جبکہ ڈی جی مانیٹرینگ سیل ماڈل کورٹس سیشن جج سہیل ناصر ججز کی کارکردگی رپورٹ مرتب کریں گے ۔